بلدیاتی الیکشن‘ انتخابی فہرستوں کی ابتدائی اشاعت دسمبر میں ہوگی

November 17, 2019

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) بلدیاتی انتخابات کے لیے درکار انتخابی فہرستوں کی ابتدائی اشاعت دسمبر کے پہلے عشرے میں کی جائے گی الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق غیر حتمی و ابتدائی انتخابی فہرستوں کی طباعت کا کام شروع کردیا گیا ہے، غیر حتمی و ابتدائی فہرستیں مرحلہ وار تمام اضلاع کو فراہم کی جائیں گی یہ فہرستیں ہر ضلع میں قائم ڈسپلے سنٹرز و معائنہ مراکز میں رکھی جائیں گی تاکہ ووٹرز معائنہ کرکے تسلی کرلیں کہ ان کا اور اہل خانہ کا ووٹ درست انتخابی علاقے میں درج ہے ڈسپلے سینٹرز پر فارم 15 برائے اندراج و منتقلی ووٹ ، فارم 16 برائے اخراج و اعتراض اور فارم 17 برائے درستگی کوائف جمع کرانے کی سہولت بھی ہوگی ۔ عوام اور ووٹرز کی سہولت کے پیش نظر ملک بھر میں 20000 سے زائد ڈسپلے سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں اور ڈسپلے سنٹرز کے انچارجز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ڈسپلے سنٹرز آنے والے افراد کو ضروری معلومات اور معاونت فراہم کریں ۔