پاک، بحرین بحری مشق شاہین الجزیرہ اختتام پزیر

November 17, 2019

پاکستان نیوی کے اسپیشل سروس گروپ اور رائل بحرین ڈیفنس فورس کی اسپیشل آپریشن فورس کے مابین مشترکہ مشق شاہین الجزیرہ 2019 کا کراچی میں اختتام ہوگیا۔

پاک بحریہ اور رائل بحرین ڈیفنس فورس کے مابین ہونے والی مشترکہ مشق شاہین الجزیرہ ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔ مسلسل دس روز تک جاری رہنے والی حالیہ مشق اسی سلسلے کی تیرہویں بحری مشق تھی۔

مشق کے اہم مقاصد میں مضبوط عسکری تعلقات، اسپیشل آپریشن فورسز کے مابین روابط اور مشترکہ آپریشنز کی تیاری میں بہتری اور پیشہ ورانہ مہارت کا تبادلہ شامل تھا۔

دونوں افواج کے اہلکاروں نے مشق کے دوران میری ٹائم انٹر ڈکشن آپریشنز، سیل ٹیمز انسرشنز ٹیکنیکس اور فراگ مین آپریشنز کے انعقاد سے بھر پور استفادہ کیا۔

مشق کا اختتام بحیرہ عرب میں مشتر کہ بورڈنگ آپریشن کے شاندار مظاہرے سے ہوا جس میں پاک بحریہ کے بحری جہازوں، سی کنگ ہیلی کاپٹرز، اسپیشل فورسز بوٹس اور شریک پاک بحریہ اور رائل بحرین ڈیفنس فورس کی ایس او ایف ٹیموں نے حصہ لیا۔

مشق کا اختتامی ایونٹ بحیرہ عرب میں منعقد ہوا جس کا مشاہدہ پاک بحریہ کے جہاز پر موجود بحرین کی نیول اسپیشل فورس کے کمانڈر نے کیا جنہوں نے مشق کے کامیاب اور پیشہ وارانہ انعقاد کو سراہا۔

یہ بحری مشق پاک بحریہ او ر رائل بحرین ڈیفنس فورس کے درمیان مضبوط دوطرفہ عسکری تعاون کی عکاس ہے۔ مشترکہ مشق کے دوران حاصل کیا گیا پیشہ ورانہ تجربہ باہمی طور پر سود مند رہا اور یہ دو برادرانہ ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون میں فروغ کا باعث بنے گا۔