افواج پاکستان کی وجہ سے ملک میں امن بحال ہوا، چودھری سرور

November 18, 2019

پنجاب کے گورنر چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان نے دہشتگردی کا خاتمہ کر کے ملک کو امن کا گہورا بنایا، پاکستان امن پسند ملک ہے، جس نے دنیا کو امن کا پیغام دے کر دہشت گردی کی نفی کی، کرتارپور راہداری کھولنا اس کی ایک مثال ہے۔

گورنر پنجاب نے ایوان اقبال لاہور میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر انتظام وحدت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان کی قربانیوں سے ملک میں امن بحال ہوا، ان کی وجہ سے ہی معیشت مضبوط اور ملک خوشحال ہوگا۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری نے کہا کہ ہمیں فرقہ بندی کا خاتمہ کر کے امت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے والوں کو سپورٹ کرنا چاہیے۔

اس سے پہلے گورنر پنجاب چودھری سرور نے ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔