اتحادی ہیں اور رہیں گے، پرویز الٰہی

November 18, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

اتحادی ہیں اور رہیں گے، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی

اسلام آباد، لاہور (طاہر خلیل، خبرایجنسی) اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت کے اتحادی ہیں اور رہیں گے، اتحادیوں میں اختلاف پیدا کرنے کی سازشی تھیوری کامیاب نہیں ہوگی، نوازکے معاملے پر جو کہا وہ عمران خان کے فائدے کیلئے تھا، دھرنوں میں امن وامان کا کریڈٹ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کو جاتا ہے۔

ادھر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اتحادیوں میں گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں مگر چوہدری برادران حکومت کے قابل اعتماد اتحادی ہیں، ان ہائوس تبدیلی آرہی ہے اور نہ ہی حکومت کہیں جا رہی ہے ،یہ بات سب کو ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ عوام نے ہمیں پورے پانچ سال کیلئے مینڈیٹ دیا ہے، ملکی ترقی اور استحکام کیلئے افواج پاکستان اور حکومت سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں ، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے سے حکومت اور اپوزیشن میں سے کسی کی ہار جیت نہیں ہوئی ہم عدالتی فیصلوں کا مکمل احترام کرتے ہیں۔

گزشتہ روز اخبار نویسوں سے بات چیت میں ا سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت میں شامل اتحادیوں میں اختلاف پیدا کرنے کی کوئی سازشی تھیوری کامیاب نہیں ہوگی ، ایسا کرنے والے ناکام رہیں گے، ہم حکومتی اتحادی ہیں اور رہیں گے، انشاء اللہ کوئی غلط فہمی پیدا نہیں کر سکتا،سیاسی حقیقتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہم نے ہمیشہ درست بات کی اور دھرنوں کے دوران بھی ٹکرائو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا جبکہ نوازشریف کے معاملے پر بھی جو کہا وہ وزیراعظم عمران خان کے فائدے کیلئے کہا، ملک کو سیاسی انتشار سے بچانے کیلئے دھرنے کے دوران مولانا فضل الرحمن سے رابطے کیے تھے جو درست ثابت ہوئے اور دھرنوں میں امن و امان برقرار رکھنے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیرداخلہ اعجاز شاہ کو جاتا ہے۔

علاوہ ازیں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن شلیگ ہیک نے ملاقات کی۔ چوہدری پرویزالٰہی اور سفیر نے دونوں ملکوں کے تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعلقات اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد جرمنی میں مقیم ہے اور وہ اپنے ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔