کراچی،آگ کے واقعات،8دکانیں اور 2گودام خاکستر

November 18, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے2 واقعات میں لاکھوں روپے مالیت کی لکڑیاں، 8 دکانیں، 2 گودام جل کر خاکستر ہوگئے، جبکہ پرانا حاجی کیمپ میں آتشزدگی سے مرغیاں اور بکرے جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی تھانے کی حدود لانڈھی89 میں اتوار کی صبح لکڑی کے گودام میں اچانک آگ گئی ، جس نے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی3 گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں آگ لگنے کی وجوہات کا فوری معلوم نہ ہو سکیں، تاہم آتشزدگی سےلاکھوں روپے کی لکڑیا ںجل کر خاکستر ہوگئیں۔ ادھر نیپئر تھانے کی حدد و پرانا حاجی میں کیمپ ٹمبر مارکیٹ میں واقع لکڑیوں کے گودام میں اتوار کی صبح سات بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی، اطلاع ملنے پر ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر گودام میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے شہر بھر سے فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیوں کو طلب کرلیا گیا، بعدازاں گودام میں لگی آگ نے برابر میں واقع ایک گودام اور آٹھ دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ اس دوران لکڑیوں کے گودام کے ساتھ خالی پلاٹ میں بندھے بکرے اور مرغیاں بھی آگ سے جھلس کر ہلاک ہوگئے، تاہم فائر بریگیڈ کی ایک درجن سے زائد گاڑیوں نے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بعد آگ پر قابو پایا، جبکہ آتشزدگی کے نتیجے میں آٹھ دکانیں، دو گودام اور ان میں رکھا ہوا لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔