نجم سیٹھی اور جگنو محسن کی بیٹی کا ولیمہ، سابق آرمی چیف ،پی ٹی آئی کے فواد چوہدری ، ن لیگ ، پی پی کے رہنما ، سفارتکاروں سمیت اہم شخصیات کی شرکت

November 18, 2019

اسلام آباد (صالح ظافر) پنجاب کے سابق نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی اور ان کی اہلیہ جگنو محسن کی بیٹی میرا کے ولیمے کی تقریب ایف سی سی پارک میں منعقد ہوئی جس میں ملک بھر کے مختلف شہروں سے آئی اشرافیہ نے شرکت کی۔ شادی کی تقریب سیاسی صورتحال پر گفتگو کا مرکز بن گئی جس میں مہمانوں نے نواز شریف کی بگڑتی صورتحال اور علاج سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ نگار احمد اور طارق صدیقی کے بیٹے بلال اور میرا سیٹھی کی شادی چند روز قبل امریکا میں ہوئی تھی۔ تقریب میں ون ڈش ولیمے میں چکن قورمے اور لاہوری پلائو کے علاوہ قلفی سب کی دلچسپی کا سبب رہی۔ وفاقی وزیر پی ٹی آئی کے فواد چوہدری نمایاں تھے سابق آرمی چیف جنرل جہانگیر کرامت طویل عرصہ بعد اپنی اہلیہ کے ساتھ کسی عوامی تقریب میں نظر آئے۔ تقریب میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے ہمراہ شرکت کی۔ تقریب میں سابق اسپیکر اسمبلی ایاز صادق، خورشید قصوری، بیگم نسرین قصوری، احسن اقبال، سینیٹر پرویز رشید، خرم دستگیر، انوشہ رحمٰن، تہمینہ دولتانہ، عطیہ عنایت اللہ، مخدوم جاوید ہاشمی، خالد رانجھا، سابق سفیر برائے بھارت شاہد ملک، چیف ہیومن ریسورسز افسر پی ٹی سی ایل مظہر حسین، عارف نظامی، حفیظ اللہ نیازی، منیب فاروق، محمل سرفراز، راشد رحمٰن، امتیاز عالم اور مختلف ملکوں کے سفیروں نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں نجم سیٹھی نے زیادہ تر وقت دولہا دلہن کے ہمراہ اسٹیج پر گزارا۔