آسام کا ’بن لادن‘ قید میں ہلاک

November 18, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

آسام کا ’بن لادن‘ قید میں ہلاک

بھارتی ریاست آسام میں قید کیے جانے والا جنگلی ہاتھی ’بن لادن‘ قید ہونے کے 6 دن بعد مر گیا ۔

محکمہ جنگلات آسام کے مطابق اپنے غصے اور بپھرے ہوئے انداز کی وجہ سے ’بن لادن‘ کے نام سے مشہور جنگلی ہاتھی کو قبضے میں لیا گیا تھا ، اس دوران اسے کوئی اندرونی یا بیرونی چوٹ بھی نہیں آئی تھی، قید میں لیے جانے کے بعد وہ 6 دن بعد زندگی کی بازی ہار گیا ۔

محکمۂ جنگلات کے ایک سینئر افسر کے مطابق ہاتھی بالکل صحیح سلامت تھا، اس کی اچانک موت سے سب ہی لوگ حیران ہیں۔

محکمہ جنگلات کے مطابق 35 سالہ بپھرے ہوئے’ بن لادن ‘ ہاتھی کو پر سکون کرنے کے لیے ہلکا سا نشہ دیا گیا تھا، جس کے بعد اسے ایک جنگل سے اورنگ نیشنل پارک منتقل کیے جانے کے بعد اس کا نام ’ کرشنا ‘ رکھ دیا گیا تھا۔

آسام حکومت کی جانب سے ہاتھی کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے جانوروں کے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل ایک ٹیم نیشنل پارک روانہ کی گئی ہے۔

محکمہ جنگلات کے مطابق ہاتھی کو پکڑنے کے بعد اسے دوبارہ جنگل میں چھوڑ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر لوگوں کی جانب سے احتجاج کرنے پر اسے پارک میں ہی قید رکھا گیا تھا۔

آسام کے مقامی لوگوں کا اس بات پر اصرار تھا کہ اگر ’بن لادن ‘کو دوبارہ جنگل میںچھوڑ دیا گیا تو یہ مقامی افراد پر حملہ کر کے انہیں نقصان پہنچا سکتا ہے ۔