سگریٹ نوشی، دھواں سانس کی نالیوں کی دائمی بیماری کاباعث:پروفیسرانجم نوید

November 21, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) سگریٹ نوشی ، گاڑیوں کا دھواں ، صنعتی آلودگی سانس کی نالیوں کی دائمی بیماری (COPD )کا باعث بنتی ہے ،ان خیالات کا اظہار سربراہ شعبہ سینہ نشتر ہسپتال پروفیسر ڈاکٹرانجم نوید نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اس بیماری سے بچاؤ کافی حد تک ممکن ہے یہ بیماری زیادہ تر سگریٹ نوشی اور ماحولیاتی آلودگی سے ہوتی ہے ، سموگ میں بھی اس بیماری کے پھیلنے کے قوی امکانات ہوتے ہیں ،گھریلو کوڑا کرکٹ کو جلانے سے گریز کرنا چاہئے ،بڑھتی ہوئی آلودگی کے باعث سانس کی نالیوں کی دائمی بیماری کے مریضوں میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے،پوری دنیا میں 6فیصد لوگ اس بیماری میں مبتلا ہیں، پاکستان میں تقریباً 70 لاکھ لوگ اس بیماری میں مبتلا ہیں، یہ بیماری اس وقت پانچویں بڑی جان لیوا بیماری ہے اور 2020 ء تک امراض قلب اور فالج کے بعد تیسری بڑی جان لیوا بیماری بن جائے گی،ایک اندازے کے مطابق پاکستان بھر میں ایک کروڑ 41لاکھ 22ہزار لوگ سگریٹ نوشی کرتے ہیں جس سے 50ہزار لوگ سینہ اور سانس کی بیماری سے متاثر ہوتے ہیں ، سانس کی نالیوں کی دائمی بیماری میں 7فیصد مردوں میں یہ بیماری پائی جاتی ہے اور خواتین میں اس مرض کی شرح کم ہوتی ہے۔