5پولیس اہلکاروں کے وارنٹ،گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

November 21, 2019

املتان (سٹاف رپورٹر)سیشن کورٹ نے منشیات کے مقدمے میں بطور گواہ عدالت میں پیش نہ ہونے پرسب انسپکٹر سمیت 5 پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سب انسپکٹر راقب عثمان، ہیڈ کانسٹیبل سجاد حیدر، کانسٹیبلوں زبیر ، طارق اور سہیل کوگرفتار کرکے 3 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، ماڈل کورٹ نے منشیات کے ملزم طارق عزیز کو جرم ثابت ہونے پر 8 ماہ قید کی سزا سنائی ہے جبکہ منشیات کے مقدمات میں ملوث2 ملزمان شہباز عرف کالو اور عامر عباس کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا ہے ، جسٹس آف پیس نے اختیارات سے تجاوز کرنے والے ایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی اور تفتیشی افسر کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کی درخواست پر ایس پی کمپلینٹ سیل سے 25 نومبر کو جواب طلب کرلیا ہے، فاضل عدالت میں شہری محمد یاسین نے موقف اختیار کیا کہ اس کے بیٹے محمد عمران کو پولیس تھانہ سیتل ماڑی نے ناجائز طور پر حوالات میں بند کئے رکھا ، عدالتی بیلف کے تھانے پہنچنے سے پہلے ہی پولیس نے اسکے بیٹے پر مقدمہ درج کردیا لیکن درخواست گزار کو بیٹے سے ملنے نہ دیا گیا جو کہ زیادتی ہے اور عدالت سے رجوع کرنے پر پولیس جان کے دشمن بن گئی ، مذکورہ افسران کے خلاف اختیارات سے تجاوز کرنے کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا، سیشن کورٹ نے منشیات کے ملزم عارف کی درخواست ضمانت پر تھانہ دولت گیٹ پولیس سے آج ریکارڈ طلب کرلیا ہے،جسٹس آف پیس نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی کو اپنی آئینی حدود میں رہنے کا حکم دیا ہے،فاضل عدالت میں زینب اقبال نے درخواست دائر کی تھی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے سوشل میڈیا پر اہم شخصیت کے خلاف تضحیک آمیز مواد اپ لوڈ کرنے کے ملزم عبدالستار رحمن ٰ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے شراب کے ملزم دلاور کو جرم ثابت ہونے پر ڈیڑھ ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا کاحکم دیاہے۔