پیرس میں سعودی ثقافتی نمائش

November 25, 2019

ابو بلال... پیرس

گزشتہ دنوں سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے یونیسکو کے صدر دفتر پیرس میں سعودی ثقافتی نمائش کا افتتاح کیا۔جس کا انتظام وزارت ثقافت العلا رائل اتھارٹی اور مسک انسٹی ٹیوٹ برائے آرٹس نے کیا ہے۔ اس میں انّیسفن کار شریک تھے۔ 39 شاہکار نمائش میں رکھے گئے تھے۔اس موقعے پر کئی بین الاقوامی آرٹسٹ بھی شریک تھے۔نمائش کا افتتاح یونیسکو میں وزرائے ثقافت بین الاقوامی فورم کے موقعے پر کیا گیا تھا۔

آسٹریا میں سعودی سفیر شہزادہ عبداللہ بن خالد، امارات کی وزیر ثقافت نور بنت محمد الکعبی، کوریا کے وزیر ثقافت یونگ بارک، آثار قدیمہ اور فنون و ثقافت کے اعلیٰ عہدیدار نمائش میں شریک تھے۔ اس نمائش میں عربی قہوہ، فالکن پکڑنے کا فن، سعودی کھانوں کے طور طریقے، عرب موسیقی اور سعودی قصائد پیش کئے گئے۔

سعودی ثقافت کو اجاگر کرنے والی تصاویر، سنگ تراشی کے نمونے اور عصر حاضر کے آرٹس کے شہ پارے بھی سجائے گئے ۔ شائقین کو نمائش میں سعودی ثقافت کے ماضی، حال اور مستقبل سے متعارف کیا گیا۔دریں اثنا سعودی عرب کو یونیسکو کے انتظامی ادارے کا رکن بھی منتخب کرلیا گیا۔

سعودی وزیر ثقافت نے یونیسکو کی ڈائریکٹر اودری اوزولائی سے ملاقات کی ۔ سائنس، ثقافت، فنون اور ورثے کے شعبوں میں یونیسکو اور سعودی وزارت ثقافت کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔