قونصل جنرل خالد مجید کا جدہ میں ’ فری میڈیکل کیمپ‘ کا دورہ

December 02, 2019

جدہ... فری میڈیکل کیمپ کادورہ کرنے کے بعد ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف کے ساتھ قونصل جنرل خالدمجید.. گروپ فوٹو

گزشتہ دنوں جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے پندرہ روزہ ’ فری میڈیکل کیمپ‘ کا دورہ کیا۔ اس موقعے پر کیمپ ڈائریکٹر عبدالستار یونس، ڈاکٹر خالد ضیا، شریف زمان، ڈاکٹر امجد عبید اور دیگر نے قونصل جنرل کو مختلف طبی شعبوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا، جن میں بیماریوں کے علاج، امراض قلب و چشم اور ذیابیطس کے مرض او رعلاج سے متعلق معلومات شامل تھیں۔

سید شہاب الدین نے مریضوں کا اندراج، ڈاکٹر شاہد منہاس اور سرور سلیم نے مفت ادویات کی تقسیم اور ڈاکٹر رابعہ خاتون نے شعبہ خواتین کی کارکردگی سے آگاہی فراہم کی۔قونصل جنرل خالدمجید نے میڈیکل کیمپ اور کمیونٹی کے لیے خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پاکستانیوں کے لیے جو رضاکارانہ کام انجام دے رہے ہیں، اس پر دنیا اور آخرت میں اللہ تعالیٰ بے حساب اجر عطا فرمائے گا۔ انہوں نے کہا میں آپ لوگوں کو انسانیت کی خدمت پرسلام پیش کرتا ہوں۔

آپ تمام افراد کی خدمت، محنت اور کاوشوں سے قونصلیٹ کا سر فخرسے بلند ہو رہا ہے۔ قونصل جنرل نے اس موقعے پر ڈاکٹروں کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جواپنا قیمتی وقت مریضوں کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے صرف کرتے ہیں۔ انہوں نے رضاکاروں کو یقین دلایا کہ قونصلیٹ کا بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔ میرے دروازے سب کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ قونصلیٹ پاکستانی برادری کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔قبل ازیں محمد نواز جنجوعہ نے تلاوت آیات قرآنی اور ہدیہ نعت پیش کیا۔ اس موقعے پرڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو بھی موجود تھے۔