بندر کو بھگانے کیلئے کتا شیر بن گیا

December 03, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

بندر کو بھگانے کیلئے کتا شیر بن گیا

کھیتوں میں بندروں کے حملوں سے پریشان ایک کسان نے ایسا انوکھا طریقہ اپنایا، جس نے جانور تو جانور انسان کو بھی کچھ حد تک ڈرنے پر مجبور کردیا۔

بھارتی ریاست کرناٹک کے سری کانت گوؤڈا نامی کسان اس وقت بین الاقوامی میڈیا کی مرکز نگاہ بنے ہوئے ہیں، کیونکہ انہوں نے اپنے کھیتوں کو بندروں سے بچانے کے لیے کچھ الگ کرنے کی کوشش کی۔

غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق کسان نے فصلوں کو بندروں کے حملوں سے بچانے کے لیے اپنے کتے کو اس طرح رنگ کیا کہ وہ کتے کے بجائے ایک ٹائیگر جیسا دکھائی دینے لگا۔

جنوبی ایشیا میں عام طور پر پائے جانے والے کتے تقریباً ایسے ہی رنگ کے ہوتے ہیں جیسے کہ دیگر بِگ کیٹس ہوتے ہیں۔

ادھر ٹائیگر کی رنگت کی بات کی جائے تو ان کا رنگ کچھ کتوں کے رنگ سے ملتا ہے، جس کا بھرپور فائدہ اس کسان نے اٹھایا۔

سری کانت گوؤڈا نے ہیئر ڈائی کا استعمال کرتے ہوئے کتے پر بالکل ٹائیگر کی طرح کی صرف سیاہ پٹیاں بنائیں جبکہ دم اور منہ بھی اسی طرح رنگ دیے۔

گوؤڈا پر امید تھے کہ کتا بھیس بدل کر بندر جیسے منچلے جانور کو کھیتوں سے دور رکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔

اس کسان نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں اس کا خیال اس وقت آئی جب انہوں نے 4 سال قبل ضلع اترکناڈا کا دورہ کیا تھا جہاں ایک کسان نے ایسے بندروں سے بچنے کے لیے ٹائیگر کی ایک شبیہ تیار کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی نظر میں ایسی شبیہ بنانا ایک احمقانہ عمل دکھائی دیتا تھا لیکن جب خود اس کا تجربہ کیا تو احساس ہوا کہ اس کی وجہ سے کام بنتا ہے۔

کسان کا کہنا تھا کہ جب اسے یہ احساس ہوگیا کہ ایک کھلونا ٹائیگر زیادہ دن تک بندروں کو بیوقوف نہیں بناسکے گا اس لیے انہوں نے کچھ الگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

علاوہ ازیں سری کانت گوؤڈا نے نہ صرف اپنا یہ جھوٹا ٹائیگر کھیتوں میں چھوڑ دیا بلکہ بندروں کو مزید چکما دینے کے لیے ٹائیگر کی کچھ تصاویر بھی نصب کردیں۔

غیر ملکی ویب سائٹ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کتے کو رنگ کرکے اس کو خطرے سے دوچار نہیں کیا گیا بلکہ رنگ کے لیے ہیئر ڈائی کا استعمال کیا گیا۔