نیٹ فلیکس کی سیریز ’دجال‘ پر صارفین کا تحفظات کا اظہار

December 06, 2019

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا صارفین کے لیے ٹوئٹ ٹاپ ٹرینڈز میں “دجال ” دیکھنا خاصا اچنبھے کا باعث بنا جس پرانہوں اپنے خدشات کااظہارکیا ہے۔ یہ ٹرینڈ درحقیقت نیٹ فلیکس کیلئے نئی امریکن تھرلر ویب ٹیلیویژن سیریز کے حوالے سے گردش کررہا ہے جو مائیکل پیٹرونی کی کتاب سے ماخوذ ہے۔ سیریز کا مرکزی کردار مہدی ڈیبی نے ادا کیا ہے۔ سیریز کا پہلاسیزن 10 اقساط پرمشتمل ہوگا جسے یکم جنوری 2020 سے ریلیز کیا جائے گا۔سیریز کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی وائرل ہوگیا اور بیشترصارفین نے اس کا تعلق دجال سے جوڑتے ہوئے تبصرے کیے۔صارف اسماء برجیس نے لکھا کہ یہ ڈرامہ میرے یا کسی اور کے ایمان پر اثرانداز نہیں ہونے والا ہے،لیکن میں حیران ہوں کہ مغرب نے سیزنز یا ڈرامہ بنانے کیلئے ایسے موضوع کا انتخاب کیوں کیا جو نفرت، تنازع اور لوگوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرسکتا ہے۔صارف اریج نے لکھا کہ یہ واقعی پریشان کن ہے، بہرحال میں اسے یکم جنوری سے دیکھوں گی۔صارف سجاد علی نے ٹوئٹ کیا کہ نیٹ فلیکس کی جانب سے متعارف کرائے گئے ڈرامے دجال سیریز،جو آپ کے ایمان ،یقین کا تحفظ کرے گا وغیرہ، پر کچھ مسلمان صارفین کے ٹوئٹس دیکھے، یہ افسوسناک ہے کہ کیسے ایک سیریل آپ کے ذہن میں شکوک و شبہات پیدا کرسکتا ہے اور آپ کے ایمان کیلئے خطرہ ہوسکتا ہے،مومن کے یقین ہمیشہ پختہ ہوتا ہے اور وہ کبھی خوفزدہ نہیں ہوتا۔یاد رہے کہ اسلام میں دجال قیامت کی بڑی علامتوں میں سے ایک مانا جاتا ہے جوقرب قیامت یعنی آخری زمانے میں ظاہر ہوگا۔اسلام میں دجال کی بعض علامتوں کو بیان کی جانے والی پیشگوئیوں کے مطابق دجال کانا ہو گا اور اس کی دونوں آنکھوں کے درمیان “”ک ف ر” یعنی کفر لکھا ہوگا۔ دجال تاریخ کا سب سے بڑا فتنہ ہوگا جس کے ایران اور شام کے درمیان سے ظاہر ہونے کا بتایا گیاہے۔