ایما اسٹون کیا فلمساز ڈیو میکری سے منگنی، مداحو ں کی مبارکباد

December 06, 2019

لاس اینجلس(مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ اداکارہ اور آسکر ایوارڈ یافتہ ایما اسٹون نے اپنے قریبی دوست اور امریکی فلم ساز ڈیو میکری سے اچانک منگنی کرکے سب کو حیران کردیا۔ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ایما اسٹون گزشتہ دو سال سے ڈیو میکری کے ساتھ تعلق میں تھیں۔31سالہ ایما اسٹون اور 34 سالہ ڈیو نے خود اس خبر کا اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کیا، اس موقع پر اداکارہ بےحد خوش نظر آئیں جبکہ انہوں نے مداحوں کو اپنی منگنی کی انگوٹھی بھی دکھائی۔اداکارہ نے خود اس منگنی کے حوالے سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا البتہ مداحوں نے ان دونوں کو مبارکبادیں دینا شروع کردی۔اداکارہ کی منگنی کی انگوٹھی بھی کافی منفرد تھی جسے مداحوں نے خوب پسند کیا، دوسری اداکاراؤں سے برعکس ایما اسٹون نے جس انگوٹھی کا انتخاب کیا اس میں موتی جڑا ہوا تھا۔خیال رہے کہ پہلی بار 2017میں ان دونوں کے تعلقات کی خبریں میڈیا میں سامنے آئیں تھی۔ویسے تو ایما اپنی ذاتی زندگی کو ہمیشہ خفیہ ہی رکھتی ہیں البتہ رپورٹس کے مطابق ان دونوں کی پہلی ملاقات 2016 دسمبر میں ایک ایونٹ کے دوران ہوئی تھی۔گزشتہ سال اگست میں ایلے میگزین کو دیے ایک انٹرویو میں ایما کا کہنا تھا کہ ʼجیسے جیسے وقت گزر رہا ہے، شادی اور بچوں کے حوالے سے میری سوچ میں بھی کافی حد تک تبدیلی آئی ہے، جب میں چھوٹی تھی تو سوچتی تھی کبھی شادی نہیں کروں گی اور نہ ہی بچے پیدا کروں گی تاہم اب سوچ مختلف ہے۔دو سال کے اس تعلق میں یہ دونوں ایک ساتھ کم نظر آئے جس کی وجہ یہی تھی کہ ایما اسٹون اپنے رشتے کو میڈیا کی خبروں کا حصہ نہیں بنانا چاہتی تھی۔البتہ رواں سال جنوری میں یہ دونوں پہلی مرتبہ اسکرین ایکٹر گلڈ ایوارڈز کے ریڈ کارپٹ پر اکٹھے جلوہ گر ہوئے۔