گھر کے عقبی حصے کی ڈیزائننگ

December 08, 2019

عام طور پر گھر میں داخل ہوتے ہی نظر پورچ اور داخلی حصے کی سجاوٹ پر جاتی ہے، تاہم کچھ نظریں لینڈ اسکیپنگ یا بیک یارڈ گارڈننگ کی متلاشی ہوتی ہیں۔ پہلے پہل گھر کے عقبی حصے کو غیر اہم سمجھتے ہوئے یوں ہی غیرضروری سامان رکھنے کے لیے چھوڑ دیا جاتا تھا، تاہم دو ر جدید میں اسے باغبانی کے لیے مختص کیا جارہا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ گھر کے اس حصے میں باغبانی کے لیے مختلف ٹرینڈز متعارف کروائے جاتے ہیں، جن پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف آپ گھر کی خوبصورتی اور دلکشی میںا ضافہ کرسکتے ہیں بلکہ اس طرحگھر کی قدروقیمت بھی بڑھ سکتی ہے۔ گھر کے عقبی حصے میں آپ درختوں، پودوں اور پلانٹر ز کے اضافے کے ذریعے گھر کی سجاوٹ کو ایک نیاانداز دے سکتے ہیں،یہ سب کیسے ممکن ہے آئیے جانتے ہیں ۔

لیونگ روم

گزشتہ کچھ بر سوں کے دوران گھر کے بیرونی حصے کے لیے ایک منفرد ٹرینڈ دیکھنے میں آرہا ہے، جس کے تحت گھر کے اندرونی حصے میں بنایا جانے والا لیونگ روم اب بیرونی حصے کی بھی زینت بن گیا ہے۔ یہ ایک ایسا لیونگ روم ہے، جس سے گھر کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں ایک ربط پیدا کیا جاتا ہے۔ آپ بھی گھر کے عقبی حصے کی ڈیزائننگ کے دوران لیونگ روم ڈیزائن کرنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں، جہاں آپ شام کے اوقات میںہریالی کے درمیان بیٹھ کر اپنے پیاروں کے ساتھ چائے کے کپ سے لطف اندوز ہوسکیں۔ اس حصے کے لیے خوبصورت صوفہ سیٹ اور ٹیبل کا انتخاب کیجیے۔

بلو ٹون فرنیچر

کہا جاتا ہے کہ رنگوں کا انتخاب نہ صرف گھر کی آرائش بلکہ مکینوں کے مزاج پر بھی مثبت اثر ات مرتب کرتا ہے۔ گھر کے عقبی حصے میں ہریالی کے درمیان ر کھے گئے فرنیچر کے لیے نیچرل ٹون کا انتخاب کیجیے۔ ماہرین کے مطابق، آؤ ٹ ڈور فرنیچر کے لیے گہرے رنگوں کے بجائے ہلکے رنگوں والے فرنیچر کا انتخاب زیادہ بہترین رہتا ہے۔ فرنیچر کے رنگوں میں ان دنوں بلو نیچرل ٹون زیادہ مقبول ہے۔

فلورل اپیل

ویسے تو گھر کے عقبی حصے میں پھول پودوں اور درختوں کا انتخاب آپ کی پسند اور بجٹ پر منحصر ہوتا ہے لیکن دور جدید میں فلورل اپیل کے ذریعے آپ گھر کے اس حصے کو منفرد اور جدید انداز دے سکتے ہیں۔ فلورل اپیل دینے کے لیے آپ اپنے گھر کے عقبی حصے کی مرکزی دیوار پر فلورل وال پیپر لگواسکتے ہیں، اس کے علاوہ فلورل ٹائل بھی بہترین انتخاب ثابت ہوں گے۔

ایل ای ڈی لائٹنگ

گھر کے عقبی حصے میں لائٹنگ تو لازمی کی جاتی ہے لیکن دورجدید میں ایل ای ڈی لائٹنگ سسٹم کو کافی اہمیت حاصل ہے۔ اگرچہ کوئی بھی چیز سورج کی روشنی کا متبادل نہیں ہوسکتی لیکن شام ڈھلے جب یہ روشنی اندھیرے میں تبدیل ہونے لگے تو مصنوعی روشنی خاص اہمیت اختیار کرجاتی ہے۔ گھر کے عقبی حصے میں لائٹنگ کے لیے باغیچے سے ملحقہ راہداری کے کناروں پر فلور لائٹنگ یا پھرنیچے سے اوپر کی جانب لگی لائٹس کا انتظام کروایا جاسکتا ہے۔

کم سے کم بجٹ

کم سے کم مینٹیننس کے ساتھ ترتیب دیا گیا گھر کا عقبی حصہ ہر کسی کی خواہش ہوتا ہے۔ اس خواہش نے ٹرینڈ کی صورت بھی اختیار کرلی ہے، جس کے تحت اس حصے کو بہت زیادہ پھول، پودوں اور مہنگے فرنیچر سے سجانے کے بجائے کم سے کم فرنیچر اور پودوں کے ذریعے بھی اس کی خوبصورتی بڑھائی جاسکتی ہے۔ مثال کے طور پر ایک عام سی کافی ٹیبل اور چند کرسیاںبھی بیک یارڈ ڈیزائننگ کے لیے بہترین ثابت ہوسکتی ہیں۔ ایک پختہ جگہ پر بنائی گئی روایتی طرز کی سیٹنگ مہمانوں کے ساتھ کافی پینے، گپ شپ کرنےیا پھر تنہائی میں کوئی کتاب پڑھنے کے لیے موزوں ہوتی ہے۔

باربی کیو ایریا

عید قرباں کا موقع ہو یا پھر ویک اینڈ پارٹی کا اہتمام، باربی کیو کاؤنٹرکی اہمیت نظرانداز نہیں کی جاسکتی۔ چنانچہ گھرکے عقبی حصے کا کچھ حصہ باربی کیو کاؤنٹر کے لیے بھی مختص کیا جاسکتا ہے۔ بِلٹ اِن آؤٹ ڈور اسٹائل کے تحت گھر کے عقبی حصے کی ایک دیوار، کچن یا باربی کیو کاؤنٹر کیلئے مختصکردی جاتی ہے اور اس دیوار میں بلٹ اِن کیبنٹس اس طرح بنائے جاتے ہیں کہ چولہے بھی بآسانی نصب ہوجائیں جبکہ باقی کی کیبنٹس کو آرائش کے طورپر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس حصے میں آپ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ پلان بنا کر باربی کیو پارٹیز سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔