متحدہ عرب امارات کا قومی دن

December 09, 2019

پی پی پی مڈل ایسٹ کی تقریب میں بو عبداللہ، ملک خادم شاہین اور راجہ سرفراز مل کر کیک کاٹ رہے ہیں

دودسمبر کا دن متحدہ عرب امارات کی تاریخ میں اہمیت کا حامل ہے ،یہ دن نہ صرف متحدہ عرب امارات کے باشندے جوش و خروش سے مناتے ہیں بلکہ پاکستان بھی یو اے ای کو دوسرا گھر سمجھتے ہوئے بڑے پیمانے پر تقریبات کا اہتمام کرتے ہیں۔اس حوالے سے یہاں پاکستان سوشل سینٹر شارجہ نے بھی شاندارو رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا۔ جس کی صدارت مرکز کے صدر چوہدری خالد حسین نے کی۔ مہمان خصوصی ممتاز سماجی شخصیت جمیل اسحاق تھے۔

شارجہ سوشل سینٹر میں تقریب چوہدری خالد حسین، جمیل اسحاق، ڈاکٹر محبوب خان اور دیگر یوم وطنی کا کیک کاٹ رہے ہیں

پروگرام کا آغاز پاکستان اور یو اے ای کے قومی ترانوں سے ہوا۔ ننھے منے بچوں نے یو اے ای کے ملی نغموں پر پرفارمنس دی۔ تقریری مقابلوں کا بھی انعقاد ہوا۔ اسکول کے بچوں نے مختلف ٹیبلو بھی پیش کئے۔ مسز صائمہ نقوی نے بچوں کی شاندار پرفارمنس پر خوب داد حاصل کی۔ تقریب میں مختلف کھانوں کے اسٹال بھی لگائے گئے تھے۔ اس موقعے پر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر چوہدری خالد حسین نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کی قائدانہ صلاحتیں یو اے ای کے لئے گراں قدر سرمائے کی حیثیت رکھتی ہیں۔ شیخ زاید مرحوم دنیا کی ان ممتاز شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے سیاسی، رفاعی اور سماجی شعبوں میں اہم کردار ادا کیا اور یو اے ای کے اتحاد کے قیام اور اسے قائم رکھنے کے لئے اہم کردار ادا کیا۔

شیخ زاید مرحوم کے بعد شیخ خلیفہ بن زاید النہیان صدر یو اے ای نے بھی امارات کو بام عروج تک پہنچادیا ہے۔ آج امارات خطے کا اہم ترین ملک ہے۔ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان بھی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتے ہیں۔ چوہدری خالد حسین نے مزید کہا امارات میں مقیم پاکستانی تہہ دل سے یو اے ای کی عوام کو 48 ویں قومی دن پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ ممتاز پاکستانی شخصیات میاں منیر ہانس، حافظ عبدالرئوف، چوہدری اسد خالد، ذوالفقار علی مغل، فضل درانی، محمد اعظم، عاشق خاں سواتی، ڈاکٹر محبوب خان نے بھی شرکت کی۔

ہزارہ وال کے صدر راجہ ابوبکر آفندی اور دیگر رہنماؤں کا تقریب میں گروپ فوٹو

شرکاء تقریب اور صدر محفل نے مل کر یو اے ای کے قومی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔ صدر مرکز چوہدری خالد حسین نے قرعہ اندازی کے ذریعہ انعامات تقسیم کئے۔ توقیر عباس کو اسپورٹس خدمات پر خصوصی شیلڈ بھی دی گئی۔ یو اے ای کی امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ حافظ عبدالرئوف کو پروگرام کی کامیابی پر مبارک باد بھی دی گئی۔

پاکستان پیپلزپارٹی مڈل ایسٹ کی جانب سے یو اے ای کے 48 ویں قومی دن اور پی پی پی کا 52 واں یوم تاسیس ایک ساتھ منایا گیا۔ شارجہ میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی راجہ محمد سرفراز اور بو عبداللہ تھے۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض ملک محمد اسلم نے سرانجام دیئے۔ پاکستان پی پی کے رہنمائوں میاں منیر ہانس، سردار جاوید یعقوب، ذوالفقار علی مغل، نیاز خان، حافظ راشد، شفیق صدیقی، ملک خادم شاہین، آیت خان، سینٹر راحت حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے یو اے ای کے حکمرانوں اور عوام کو قومی دن پر مبارک باد دی۔ یوم تاسیس کے بارے میں مقررین نے کہا کہ پی پی پی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید غریبوں کے ہمدرد تھے۔

شارجہ میں شریک بچے پاکستان اور یو اے ای کے پرچم لہرا رہے ہیں

بھٹو نے مزدور کو ان کے حقوق دلائے، انہوں نے اپنے دور حکومت میں عام آدمی کے لیے بیرون ملک روزگار کے دروازے کھولے جس سے ملک میں خوشحالی آئی۔ عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوا۔ بھٹو کے بعد ان کی بیٹی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھایا۔ بھٹو خاندان کی قربانیاں لازوال ہیں تاریخ انہیں ہمیشہ یاد کرے گی۔ اس موقعےپر کیک بھی کاٹا گیا اور ایک دوسرے کو مبارک باد دی۔ فرحان نقشبندی نے خصوصی دعا بھی کروائی۔ دیگر رہنمائوں میں شیخ اظہر علی، ملک خرم شہزاد، سید غضنفر نقوی، محمد اسلم، میاں عابد علی، سمیع اللہ، نثار خٹک، چوہدری فاروق بانیاں، افتخار چوہان، فضل خان درانی، مسز فرزانہ اعوان، اشفاق مغل، امجد تبسم اور جیالوں نے بھرپور شرکت کرکے تقریب کو شاندار طریقہ سے منعقد کیا۔

ہزارے وال اوورسیز فورم نے بھی یو اے ای کا یوم وطنی جوش و خروش سے منایا۔ پروگرام کے روح رواں، بانی تنظیم و صدر راجہ ابوبکر آفندی تھے۔ فورم کے مرکزی عہدے داروں، رہنمائوں اور مجلس عاملہ نے بھی شرکت کی۔ دیگر ساتھیوں میں اظہر اقبال، طارق محمود اعوان، غلام صدیق اعوان، یاسر تنولی، سید صداقت شاہ، ابوظہبی سے سید عالم، سردار امتیاز، سجاد شاہ، راجہ کامران، ارشد محمود، یاسر صدیقی، ملک رورل اعوان، سرفراز خان بھی شریک ہوئے۔ شرکاء نےیو اے ای پرچم والے مفلر پہنے ہوئے تھے۔ پاکستان اور یو اے ای کے ترانوں اور نغموں اور ڈانس نے خوب رنگ جمایا۔ کیک بھی کاٹا گیا۔

صدر ابوبکر آفندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای ہم سب پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے۔ ہم سب پر یو اے ای کے قوانین کی پابندی لازم ہے۔ بالخصوص ہزارے وال بھائیوں سے کہا کہ آپ اپنے آپ کو بیرون ملک میں پاکستان کا سفیر سمجھیں اور جن ممالک میں روزگار کے لیے مقیم ہیں اس کو اپنا ملک سمجھیں اور پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں۔