سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی و ترویج کے لئے تاریخی مہم کا آغاز

December 09, 2019

سعودی کرکٹ سینٹر(ایس سی سی) نے سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی و ترویج کے لئے تاریخی مہم کا آغاز کیا ہے۔ یہ بات ندیم ندوی، (سی ای او) سعودی کرکٹ نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا ایس سی سی نے سعودی اسپورٹس فار آل فیڈریشن (ایس ایف اے) اور وزارت محنت و سماجی ترقی (ایم ایل ایس ڈی) کے تعاون سے سعودی ویژن 2030 کی روشنی میں کرکٹ کے کھیل کی ترقی و ترویج کی مہم کا آغازکیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ قدم کرکٹ کے کھیل کی وساطت سے جو برصغیر میں بہت مقبول ہے سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی کارکنوں تک پہنچنے اور ان کے قیام کو خوشگوار ر بنانے کے لئے مددگارثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی کرکٹ آئندہ 45 دنوں میں کرکٹ برائے آل مہم کے دوران متعدد ٹورنامنٹ اور ایونٹ کا انعقاد کرے گی اور سعودی عرب کے 12 شہروں میں ہر عمر کے کرکٹ کھلاڑیوں تک پہنچنے کا ہدف پورا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک چیلنج ہے،لیکن سعودی کرکٹ عمدہ آرگنائزنگ ٹیم پر مشتمل ہے جو اس چیلنج سے اچھی طرح عہدہ برا ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ہم نے گذشتہ کئی برسوں سے سخت محنت کی ہے اور پرامیدہیں کہ 12 علاقائی کرکٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انھوں نے کہا سعودی عرب کی تاریخ میں کرکٹ کےکھیل کا آغاز 1960 کی دہائی میں ہوا اب اس میں نئےدور کا آغاز ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام مندرجہ ذیل حصوں پر مشتمل ہے۔

ایم بی ایس ویژن 2030 نیشنل کرکٹ چیمپئن شپ جو ملحقہ 12 ایسوسی ایشن کے مابین سعودی عرب کے 11 شہروں میں کھیلی جارہی ہے جہاں 362 ٹیموں کے 5500 کھلاڑی اور ایسوسی ایشن کےآفیشلز شامل ہیں۔

کیمپ کرکٹ سرگرمیوں کا پروگرام خاص طور پر سعودی عرب کے مختلف شہروں میں واقع 12 لیبر کیمپوں میں تقریباًسات ہزار غیر ملکی کارکنوں تک پہنچنے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔

سافٹ بال کرکٹ

اسکول اور یوتھ کرکٹ پروگرام، جدہ ، ریاض ، دمام اور بڑے شہروں میں انٹراسکول ٹورنامنٹ ہوں گے جس میں نوجوان کرکٹرز شامل ہوں گے۔

ندیم ندوی نے کہا کہ سعودی کرکٹ کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ جاری مہم کے تحت ایسے میگا پروجیکٹ کا اہتمام کررہے ہیں، جس سے ایک تاریخ رقم ہورہی ہے اور سعودی عرب میں کرکٹ کے کھیل کی ترقی و ترویج کا نیا باب کھل رہا ہے۔