علم جغرافیہ اور ہمارا جغرافیائی شعور

December 29, 2019

جغرافیہ نگار اس بات کا جائزہ لیتا ہے کہ طبعی ماحول لوگوں کی سرگرمیوں اور مزاج پر کس طرح اثر ڈالتا ہے؟ اس میں موسم، پانی اور خطوں کی ساخت اور وہ بہت سارے پیچیدہ عوامل شامل ہیں،جو کسی بھی معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ان پیچیدہ عوامل میں آبادی کی شرح، ایک علاقے سے دوسرے علاقے تک نقل مکانی و ہجرت ، شہری نمو اور ڈھانچہ ، نقل و حمل کا کردار، تجارتی نمونوں، وسائل کا استعمال، مختلف معاشروں، ثقافتوں، کارپوریشنوں، ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی اثرات کا بصیرت افروز مطالعہ شامل ہے۔

علم جغرافیہ کی وسعت

جغرافیہ کا میدان ایک وسیع اور حیرت انگیز تعلیمی میدان ہے، جس میں ہزاروں محققین درجنوں دلچسپ ذیلی مضامین یا جغرافیہ کی شاخوں میں کام کر رہے ہیں۔ ان میںانسانی جغرافیہ، معاشی جغرافیہ، آبادی جغرافیہ، میڈیکل جغرافیہ، تفریح، سیاحت و کھیل کا جغرافیہ، سیاسی جغرافیہ، زرعی اور دیہی جغرافیہ، شہری جغرافیہ،آبی وسائل، آب و ہوا، کریوسفیر جغرافیہ شامل ہیں۔

ٹاؤن پلانر

ٹاؤن پلانر کی حیثیت سے آپ نہ صرف شہروں بلکہ دیہی علاقوں کے انتظام اور ترقی کیلئے منصوبہ سازی کرسکتے ہیں۔ موجودہ انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے اور ماحولیاتی امور کا حل تلاش کرنے کے ساتھ ماحولیاتی تجزیاتی مہارت اور ماحولیات کے بارے میں شعور اُجاگر کر سکتےہیں ۔

تعلیم و تربیت

جغرافیائی شعور رکھنے والے طالب علموں کے لیےپاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بیچلرز،ماسٹرز،ایم فل اور پی ایچ ڈی سطح تک مطالعے کی تمام سہولتیں دستیاب ہیں۔ بیچلر ڈگری میں داخلے کے لیے امیدوار کی کسی بھی تسلیم شدہ کالج سے 12سالہ تعلیم مکمل ہونی چاہئے۔

علم جغرافیہ میں کیریئر کے وسیع امکانات

علم جغرافیہ اپنے کیریئر آپشنز کے حوالے سے وسیع پورٹ فولیو کا حامل ہے۔آپ کہیں پر بھی اپنی دل پسند ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔

کارٹوگرافر

کارٹوگرافی میں مختلف قسم کے نقشے تیار کرنے ہوتے ہیں، اسی طرح آپ ڈایاگرام، چارٹ، اسپریڈشیٹ اور ٹریول گائیڈ بھی تیار کرسکتے ہیں۔ بطور کارٹوگرافر آپ کے فرائض میں پرانے نقشوں اور تاریخی دستاویزات کی بحالی، جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم (GIS) اور ڈیجیٹل میپنگ شامل ہوسکتی ہے، جس کے لیے آپ کو ریموٹ سینسنگ جیسے موضوع میں ایک خصوصی ڈگری مکمل کرنی ہوگی یا پھر کچھ عملی تجربہ بھی کارآمد ہوسکتا ہے۔

ماحولیاتی مشیر

ماحولیاتی مشیر اپنے تجارتی یا سرکاری موکل کو پابند بناتے ہیں کہ قواعد و ضوابط کی تعمیل کریں اور ماحولیاتی تحفظ کا خیال رکھیں۔ وہ نشاندہی کرتے ہیں کہ کون سی زمین ، ہوا یا پانی آلودہ ہے اوراس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔

جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم آفیسر

ماحولیات کے ساتھ اگر آپ ڈیٹا، تجزیات اور کمپیوٹر سسٹم میں دلچسپی رکھتے ہیں تو یہ منصب بخوبی نبھا سکتے ہیں۔ جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم (GIS) ایک کمپیوٹرائزڈ سسٹم ہے، جو پیچیدہ جغرافیائی معلومات کو جمع کرنے، تجزیہ کرنے، انتظام اور پیشکش کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، جیسے ریڈار۔ جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم کے افسران جی آئی ایس کے ذریعے تیار کردہ جغرافیائی ڈیٹا کو جمع کرکےجانچ پڑتال کرتے ہیں۔ دفاع، موسمیات، تیل، گیس، ٹیلی مواصلات اور نقل و حمل جیسے مختلف شعبوں میں اعداد و شمار کا اطلاق کیا جاسکتا ہے۔

کنزرویشن آفیسر

اگر آپ ماحول دوست شخصیت ہیں اور دنیاکا تحفظ چاہتے ہیں تو یہ منصب آپ کے لیے ہے،جہاں آپ قدرتی ماحول کی حفاظت کے لئے کام کرتے ہوئےان طریقوں سے آگاہی پیدا کریں گے جس میں مقامی کمیونٹی میںتحفظِ ماحول کا شعور بیدار ہو۔

ری سائیکلنگ آفیسر

ری سائیکلنگ افسران اپنے علاقے میں ری سائیکلنگ کو فروغ دے کر کچرے کو کم کرسکتے ہیں۔ وہ تحفظ ماحولیات اور فضلہ کو کم کرنے کی پالیسیوں اور اسکیموں کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے پائیدار ترقی کو یقینی بناتے ہیں۔ اس کیریئر میں آپ کو مضبوط روابط اور منصوبہ بندی کی مہارتوں کے ساتھ ساتھ موجودہ ری سائیکلنگ طریقوں، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مستقبل کے رجحانات کوسمجھنے کی ضرورت ہوگی۔

استاد/لیکچرر

کسی بھی تعلیمی ادارے میں جغرافیہ کے استاد کی حیثیت سے آپ کو درس وتدریس کی اہلیت اور ماسٹر یا پی ایچ ڈی کی ضرورت ہوگی۔ آپ کو اپنے مضمون سے متعلق گفتگو میں بہترین مہارت، تخلیقی صلاحیتوںاور عزم کی ضرورت ہوگی۔