آٹے ، انڈوں، پٹاخوں سے ہوئی منفرد جنگ

December 29, 2019

یورپی ملک اسپین میں لوگوں نے ملٹری یونیفارم پہن کر 200 سال پرانا تہوار منایا اور جنگ کرتے ہوئے مخالفین پر انڈوں اور آٹے کی برسات کردی۔

غیر ملکی ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق ایلس اینفیرینٹس نامی فیسٹیول ہر سال اسپین کے شہر ایلا کانٹے کے علاقے ایبی کی ایک سڑک پر منایا جاتا ہے۔

ٹاؤن ہال کے قریب ہونے والی اس جنگ میں لوگ ملٹری یونیفارم پہن کر جمع ہوتے ہیں اور ایک دوسرے پر آٹے، انڈوں اور پٹاخوں کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے ایک دوسرے پر حملہ کرتے ہیں۔

اسپین میں اس اس تہوار کو بادشاہ ہیروڈ کی جانب سے یہاں کیے جانے والے قتل عام کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

اس دن علامتی الیکشن بھی منعقد کیے جاتے ہیں اور اس کی آتش بازی کے ساتھ اس کی خوشیاں بھی منائی جاتی ہیں اس کے ساتھ ساتھ یہ نقلی فوجی ایک دوسرے پر پٹاخے بھی پھینکتے ہیں۔

یہ جنگ دو گروہوں کے درمیان ہوتی ہے جن میں ایک گروہ کا نام ایلس اینفیرینٹس ہوتا ہے جو ایک دن کے لیے شہر پر قبضہ کر لیتے ہیں اور ’نئے انصاف‘ کے نعرے کے ساتھ شہر پر اپنی حکومت قائم کرلیتے ہیں جبکہ دوسرے گروہ کا نام لا اپوسیشو ہوتا ہے جو پرانے نظام کی بحالی کی کوشش کرتا ہے۔

اس جنگ کے شروع ہونے کے ایک گھنٹے بعد میئر کے انتخاب کے لیے الیکشن ہوتے ہیں جو ایلس اینفیرینٹس کے لیڈر کا فیصلہ کرتے ہیں۔

اس دوران چیریٹی کے لیے پیسے بھی جمع کیے جاتے ہیں اور دن کے اختتام پر ایلس اینفیرینٹس کا اختیار ختم ہوجاتا ہے جبکہ جو پیسہ جمع ہوتا ہے وہ ٹاؤن کی بحالی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

تہوار کو منانے والوں کا ماننا ہے کہ اسے ان کے آباؤ اجداد 200 سالوں سے مناتے آرہے ہیں اور اس کا مرکز ایبی کا ٹاؤن ہے۔

واضح رہے کہ اسپین کے باسی کھانے پینے کی چیزیں ایک دوسرے پر پھیکنے کے عجیب تہواروں کو منانے کی وجہ سے مشہور ہیں۔

واضح رہے کہ ہر سال اگست کے مہینے میں بیونل ٹاؤن میں ایک دوسرے پر ٹماٹر برسانے کا تہوار بھی منایا جاتا ہے۔