NICH میں آتشزدگی سے نومولود بچی جاں بحق

January 09, 2020

قومی ادارہ برائے امراض اطفال کراچی کے سرجیکل آئی سی یو میں آج علی الصباح آگ لگنے سے نومولود بچی جل کر جاں بحق ہو گئی۔

این آئی سی ایچ کے ڈائریکٹر پروفیسر جمال رضا کے مطابق چار روز کی بچی’بےبی آف اقرا‘ کو سرجیکل آئی سی یو میں انکیوبیٹر میں رکھا گیا تھا جس میں آج صبح چھ بجے کے قریب آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے انکیوبیٹر میں لگنے والی آگ نے نومولود بچی کو جلا کر کوئلہ کر ڈالا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

NICH میں آتشزدگی سے نومولود بچی جاں بحق

پروفیسر جمال رضا نے بتایا چونکہ انکیوبیٹر میں آکسیجن سپلائی کی جاتی ہے اس وجہ سے مشین میں لگنے والی آگ انتہائی تیزی سے بھڑکی اور اس سے پہلے کہ اسپتال کا عملہ آگ بجھانے کی کوشش کرتا، نومولود بچی جل کر جاں بحق ہو گئی۔

این آئی سی ایچ میں جلنے والا انکیوبیٹر

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی این آئی سی ایچ واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر این آئی سی ایچ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بچی کے والدین سے ہمدردی ہے، میں والدین خاص کر والدہ کا دکھ محسوس کرسکتا ہوں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے این آئی سی ایچ کی انتظامیہ کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی۔

واضح رہے کہ کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں گزشتہ دو ہفتے کے دوران آگ لگنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

سب سے پہلے قومی ادارہ برائے امراض قلب کے بچوں کے وارڈ میں لگنے والی آگ سے پورا وارڈ جل کر راکھ ہو گیا تھا لیکن خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی بچہ یا اسپتال کے عملے کا فرد زخمی نہیں ہوا تھا۔

اس واقعے کے چند روز کے بعد جناح اسپتال کراچی کے گائنی وارڈ کی نرسری میں آگ لگ گئی تھی جہاں پر ایک انکیوبیٹر میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں پوری نرسری جل کر راکھ ہوگئی تھی۔

انکیوبیٹر میں آتشزدگی کے بعد کا منظر

اس واقعے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا لیکن جناح ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق اسپتال کو کافی مالی نقصان برداشت کرنا پڑالیکن آج صبح این آئی سی ایچ کے سرجیکل آئی سی یو میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں نومولود بچی جاں بحق ہوگئی، جس کے بعد سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں حفاظتی انتظامات اور آگ بجھانے کے انتظامات پر سنگین سوالات اٹھنا شروع ہوگئے ہیں۔

این آئی سی ایچ کے ڈائریکٹر پروفیسر جمال رضا کے مطابق انہوں نے فوری طور پر تمام انکیوبیٹرز کو بند کروا دیا ہے اور ان کی جانچ پڑتال شروع کردی گئی ہے۔

دوسری طرف صوبائی اور وفاقی حکام نے بھی آگ لگنے کے ان واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر اللّٰہ بخش ملک جو اس وقت کراچی میں موجود ہیں، انہوں نے تینوں اسپتالوں کی انتظامیہ سے آگ لگنے کے واقعات کی تحقیقات کرنے اور حفاظتی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔