آج میری زندگی کا سب سے خاص دن تھا، ثانیہ مرزا

January 14, 2020

بھارتی ٹینس اسٹارثانیہ مرزا نے بیٹے کی پیدائش کے بعد آج پہلا میچ کھیلا جس میں فتح کے بعد ان کا کہنا ہے کہ آج کا دن اُن کی زندگی کا سب سے خاص دن تھا۔

بھارتی ٹینس اسٹار اور سابق قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرز ا کی ایک بار پھر سے ٹینس کی دُنیا میں واپسی ہوگئی ہے اور 2017 کے بعد آج اپنے پہلے میچ میں کامیابی کے بعد ثانیہ مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک اور اپنی ٹینس میچ کے کھیل کے دوران کی تصویر شیئر کی۔

ثانیہ مرزا نے یہ دو تصاویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’آج کا دِن میری زندگی کے خاص دنوں میں سے ایک تھا کیونکہ میں نے آج ایک طویل عرصے کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلا ہے جس میں میرا بیٹا اور میرے والدین میرے ساتھ ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ہم اپنا پہلا مرحلہ جیت گئے ہیں اور مجھے جو محبت اور پیار دیا جارہا ہے میں اُس کے لیے آپ سب کی شُکر گزار ہوں۔‘

Your browser doesnt support HTML5 video.

یہ بھی دیکھئے:شعیب اور ثانیہ کے بیٹے کی پہلی سالگرہ

دوسری جانب ثانیہ مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر بھی اذہان مرزا ملک اور اپنی میچ کی تصویر شیئر کی اور اُس کے کیپشن میں بھی اُنہوں نے یہ ہی الفاظ لکھے۔


واضح رہے کہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بیٹے کی پیدائش کے بعد سے ٹینس سے بریک لیا ہوا تھا، اُنہوں نے اکتوبر 2017 میں اپنا آخری میچ کھیلا تھا اور اُس کے بعد آج اُنہوں نےاپنا پہلا میچ کھیل کر دوبارہ ٹینس کی دُنیا میں واپسی کرلی ہے۔