پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، 80 ہزار کلو ایکسپائر چاکلیٹ برآمد

January 16, 2020

پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام نے غیر معیاری اور مضر صحت چاکلیٹ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 80 ہزار کلوگرام ایکسپائر چاکلیٹ قبضے میں لے کر سپلائیر کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں شیخوپورہ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایکسپائر چاکلیٹ سے بھرے 2ٹرک اور گودام پکڑا گیا، گودام سے 80 ہزار کلو مال چاکلیٹ کو برآمد کرکے قبضے میں لے لیا گیا۔

ڈی جی فوڈ کے مطابق وسیم اسلم نامی سپلائر ایکسپائر چاکلیٹ نجی پروڈکشن یونٹ سے خرید کر فیصل آباد لے جا رہا تھا جہاں زائد المیعاد چاکلیٹ کو کیمیکل لگا کر فنگس کوختم کر کے دوبارہ پیک کیا جانا تھا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے بتایا کہ سپلائر کی نشاندہی پر سیال فلور مل کے قریب فیصل آباد روڈپر چاکلیٹ سے بھرے گودام پر چھاپہ مارا گیا۔

حکام نے مکروہ دھندہ کرنے والے جعل سازوں کے خلاف مقدمہ درج کر وا کر سپلائر کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔