چینی زبان و ثقافت پر مبنی ڈگری پروگرام شروع کررہے ہیں، ڈاکٹر خالد عراقی

January 17, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سچوان نارمل یونیورسٹی کی نائب صدر Cai Guangjie نے کہا کہ سچوان نارمل یونیورسٹی نے جامعہ کراچی، یونسی یونیورسٹی اور کیڈٹ کالج پٹارو کے ساتھ اشتراک کی بنیاد پر دو کنفیوشش انسٹی ٹیوٹ اور ایک کلاس روم قائم کیا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ چائینیز اسپرنگ فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کا بنیادی مقصد پاکستانی طلبہ کو چینی زبان اور ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔عصر حاضر میں چین ایک بڑی عالمی معیشت بن کر ابھر ا ہے اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی نئے سنگ میل عبور کر رہاہے اس ضمن میں چینی زبان اور کلچر سے آگاہی انتہائی ناگزیر ہے۔جامعہ کراچی اور چین کی سچوان نارمل یونیورسٹی کے اشتراک سے جامعہ کراچی میںچینی زبان اور ثقافت پر مبنی چارسالہ ڈگری پروگرام شروع کرنے پر اتفاق ہواہے جس کے مطابق طلبہ کے پہلے دوسال کی کلاسز جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جبکہ آخری دوسال کی کلاسز سچوان نارمل یونیورسٹی چین میں ہوں گی۔جامعہ کراچی پاکستانی کی پہلی واحد جامعہ ہے جو کسی چینی جامعہ کے ساتھ چینی زبان وثقافت پر مبنی ڈگری پروگرام شروع کررہی ہے۔کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے چینی ڈائریکٹرشائوپنگ نے کہا کہ کنفیوشش انسٹی کے چینی اور پاکستانی اساتذہ کی بیش بہا خدمات کے نتیجے میں کنفیوشش انسٹی ٹیوٹ نے ایک اعلیٰ اور نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔