سندھ کے پیرا میڈیکل اسٹاف کا احتجاج، وزیراعلیٰ ہاؤس جانے نہیں دیا گیا

January 18, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بھر کےپیرا میڈیکل اسٹاف کا اپنے مطالبات کی منظوری کےلئے احتجاج جمعے کو بھی جاری رہا ۔ اس موقع پر پیرامیڈیکل اسٹاف نے وزیراعلی ہاؤس کی جانب پیش قدمی کی جس پر پولیس نے رکاوٹیں لگا کر مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ پیرا میڈیکل اسٹاف ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو دنوں سے سڑکوں پر ہیں، اپنے جائز حقوق سے محروم ہیں، ہمارے چار مطالبات ہیں، سروس اسٹرکچر بحال کیا جائے، ہیلتھ الاؤنس 30 فیصد ادا کیا جائے، ویکسینٹرز کو مستقل کیا جائے اور ریکوری لیٹر منسوخ کیا جائے، مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے، محکمہ صحت سندھ سے رابطہ ہوا ہے لیکن مزاکرات کامیاب نہیں ہوسکے جسکی وجہ سے وزیر اعلی ہاؤس کا رخ کیا، سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں میں علامتی ہڑتال جاری ہے، سندھ بھر میں ہفتہ کو پولیومہم ہورہی ہے جسکے بعد سب کراچی پریس کلب پر جمع ہونگے اور وزیر اعلی ہاؤس جائینگے۔