نوجوان ڈاکٹرز سے کمیونیکیشن اسکلز کی بہتری کی اُمید ہے، پروفیسر سعید قریشی

January 18, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی طبی ریسرچ کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور اس کے لیے مالی وسائل بھی فراہم کئے جاتے ہیں، ریسرچ کے لیے خطیر رقم درکار ہوتی ہے، حکومت کے ساتھ ساتھ ڈائو المنائی بھی اسکے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ ڈائو یونیورسٹی فیکلٹی کی جانب سے کان کے پردے کے آپریشن میں اہم پیش رفت خوش آئند ہے، انہوںنے کہا نوجوان ڈاکٹر سے کمیونیکیشن اسکلز کی بہتری کی امید ہے،ترقی یافتہ ممالک میںپاکستانی ڈاکٹرز کی کمیونیکشن اسکلز پر سوال اٹھائے جاتے رہے ہیں، انہوں نے یہ باتیں ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے آراگ آڈیٹوریم میں ڈاکٹر کے ایم رتھ فائو سول اسپتال کراچی کے شعبہ ای این ٹی اور پاکستان سوسائٹی آف اوٹورہینولرنلوجی کے اشتراک سے" سمٹ فار ینگ ای این ٹی ریذینٹســ"میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہیں ،کانفرنس سے ان کے علاوہ مہمانِ اعزازی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع ، ڈائو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر امجد سراج میمن، چئیر پرسن سمٹ فار ینگ ای این ٹی ریذینٹسـ پروفیسر شجاع فرخ ، سیکریٹری سمٹ ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی سینئر پروفیسر اقبال خیانی نے بھی خطاب کیا۔