ہیلپ انٹر نیشنل ٹرسٹ کے تحت جامعہ این ای ڈی میں تھیلیسمیا آگاہی تھیٹر

January 18, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہیلپ انٹر نیشنل ویلفیئر کے تحت جامعہ این ای ڈی میں تھیلیسمیاء آگاہی تھیٹر پرفارم کیا گیا جس میں نوجوانوں کو شادی سے قبل تھیلی سمیاء کا ٹیسٹ کرانے کا پیغام دیا گیا ، اس موقع پر ہیلپ انٹر نیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالروف تابانی نے کہا کہ نوجوانوں کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے تھیلسمیاء آگاہی مہم میں شریک کررہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تھیلیسیمیاکے 8000 نئے مریضوں کی تشخیص ہوتی ہے۔ پاکستان میں تقریباً 5 سے 8 فیصد آبادی میں تھیلیسیمیا کا جین موجود ہے۔ تھیلیسیمیا کے جین اگر دونوں والدین سے بچے میں منتقل ہوں تو بچے کو تھیلیسیمیا کا مرض لاحق ہوتا ہے اور اگر بچے میں تھیلیسیمیا کے جین صرف والدین سے کسی ایک سے منتقل ہو تو یہ مرض اگلی نسلوں میں ظاہر ہوتا ہے تاہم یہ بچہ نارمل یا تقریباً نارمل زندگی گزارتا ہے۔ چونکہ پاکستان میں تقریباً 5 سے 8 فیصد آبادی میں تھیلیسیمیا کا جین موجود ہے اس لیے بہت زیادہ چانس ہے کہ دو ایسے افراد کی شادی ہوجائے جن دونوں میں تھیلیسیمیا کا جین چھپی ہوئی حالت میں موجود ہو۔ نتیجہ یہ ہو گا کہ اگر دونوں والدین سے بچے میں تھیلیسیمیا کا جین منتقل ہو جائے تو بچہ تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا ہو گا اور یہ موروثی بیماری ساری زندگی اس بچے کے ساتھ ساتھ رہے گی۔اس لیے جامعات کے طلبہ طالبات اس میں بہت اہم کردار ادا کرسکتے ہیں کیونکہ وہ جلد ہی عملی زندگی داخل ہوجائیں گے ۔