شیر کے فوٹو شوٹ پر مشال خان برہم

January 18, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ مشال خان نے شیر کا بچہ فوٹو شوٹ کے دوران استعمال کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مشال خان نے شیئر کی گئی اپنی اسٹوری میں بتایا کہ جوڑے اور فوٹوگرافر کی جانب سے کی گئی یہ حرکت انہیں شدید ناگوار گزری ہے، انکا یہ عمل قابلِ نفرت ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ان جانوروں کا وجود ذہنی بیماروں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے نہیں ہے۔

دوسری پوسٹ میں انہوں نے مشتعل نظر آتے شیر کی نشاندہی کرتے ہوئے اور تصویر میں موجود دولہے کو طنز مارتے ہوئے لکھا کہ وہ جانور بیزار نظر آرہا ہے لیکن پھر بھی دولہا مسکرا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ انسانیت ختم ہوتی جارہی ہے جو بلکل بھی درست نہیں۔

مشال خان نے اپنے مداحوں سے اپیل بھی کی کہ وہ شیر کو پالتو جانور بنا کر قید نہ کریں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک جنگلی جانور سے پالتو جانوروں جیسا برتاؤ ان کی ذہنی صحت کو متاثر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ مشال خان جانوروں کے حوالے سے کافی حساس ہیں اور اکثر اپنے خیالات کا اظہار کرتی رہتی ہیں ۔

وہ کراچی میں جانوروں کے حوالے سے چلائی جانے والی مہم کا بھی حصہ رہی ہیں۔