ایپل کا فلیگ شپ فونز کا متبادل اور سستا سیٹ تیار کرنے کا فیصلہ

January 22, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

ایپل کا فلیگ شپ فونز کا متبادل اور سستا سیٹ تیار کرنے کا فیصلہ

دنیا کی معروف موبائل فون کمپنی ایپل اپنے مشہور زمانہ آئی فون ایس ای سیریز کے نئے ہینڈ سیٹ کی تیاری آئندہ ماہ شروع کرے گی۔

غیر ملکی ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق یہ ایپل کے فلیگ شپ ماڈل کا متبادل اور سستا فون ہوگا، جس میں ٹچ آئی ڈی فنگر پرنٹ سینسر بھی موجود ہوگا جو آئی فون 8 کے بعد ختم کردیا گیا تھا۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس کی اسکرین 4.7 انچ کی ہوسکتی ہے جبکہ اس کا پروسیسر فلیگ شپ فون آئی فون 11 جیسی صلاحیت کا ہوسکتا ہے۔

اس فون کی قیمت کیا ہوگی؟ اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا تاہم یہ ضرور سامنے آیا ہے کہ اس کی تیاری آئندہ ماہ شروع ہوجائے گی، اس کے فوری بعد یہ فروخت کے لیے پیش بھی کردیا جائے گا۔

دوسری جانب خود ایپل نے ان رپورٹس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

بلومبرگ کا اپنی خبر میں کہنا ہے کہ ایپل کا آئی فون ایس ای 2 بنانے کا مقصد کم بجٹ کے فون خریدنے والے صارفین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

اس منصوبے سے آگاہ ذرائع نے بلومبرگ کو بتایا کہ اس ہینڈ سیٹ کی مینوفیکچرنگ آئندہ ماہ سے شروع ہوجائے گی جبکہ یہ مارچ کے مہینے میں فروخت کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ فون آئی فون 8 کی طرح ہوسکتا ہے جبکہ اس کی قیمت 4 سو 99 ڈالر (تقریباً 69 ہزار روپے) تک ہوسکتی ہے۔