ماحولیاتی تبدیلی اور پائیدار انفرااسٹرکچر کی تعمیر

January 26, 2020

ماحولیاتی بحران سچ مچ ہمارے سروں پر منڈلا رہا ہے۔ سردی ہو یا گرمی، دونوں موسم ہی سخت سے سخت تر ہوتے جارہے ہیں۔ امریکا میں شدید ترین سمندری طوفانوں کا آنا اب ایک متوقع اور بار بار رونما ہونے والا واقعہ بنتا جارہا ہے۔ موسم سرما میں امریکا جیسے سرد ملک میںگرمی کی حدت محسوس کی جارہی ہے، جبکہ پاکستان کے کئی علاقوں میں شدید سردی کے نئے ریکارڈ قائم ہورہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں گزشتہ دنوں بارش کا 24سالہ ریکارڈ ٹوٹگیا، جہاں ڈھائی گھنٹے کے دوران ریکارڈ 150ملی میٹر بارش ہوئی۔

اس پر دبئی کے وزیر ماحولیات تہانی احمد الزیودی کا کہنا تھا، ’’مسلسل بارشیں ہونے کی وجہ ماحولیاتی تبدیلی ہے‘‘۔ شمالی نصف کرہ ارض میں ’ہیٹ ویوز‘ شدید سے شدید تر ہوتی جارہی ہیں اور دنیا کے مختلف ملکوںمیں قحط سالی اب معمول کی بات بنتی جارہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں آئے روز دنیا بھر کے مختلف حصوںسے زمین بوس ہوئی عمارتوں اور زیرِ آب آئے ہوئے ہوائی اڈوں (ایئرپورٹس) اور سڑکوں کے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔

یہ تمام تر صورتِحال اس تلخ حقیقت کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ دنیا بھر کا انفرااسٹرکچر اس قدر مضبوط اور لچکدار نہیں ہے کہ وہ شدید یا غیرمتوقع موسمی اثرات کو برداشت کرسکے۔ باالخصوص درمیانی آمدنی والے ممالک موسمیاتی تبدیلی کے بھیانک اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

اگر معاشی اعداد وشمار کی بات کی جائے تو ہم موسمیاتی تبدیلی کی قیمت پہلے ہی بھگت رہے ہیں۔ کمپنیوں کا اندازہ ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے باعث انھیں اب تک اثاثہ جات کی مد میں 250ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ خدشہ ہے کہ آئندہ پانچ برسوںمیںیہ نقصان ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ ان متاثرہ کمپنیوںمیں 80فیصد کا تعلق مالیاتی خدمات فراہم کرنے سے ہے۔

انفرادی کمپنیاںپہلے ہی ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پوری قوت کے ساتھ محسوس کررہی ہیں۔ امریکی کمپنی پیسفک گیس اینڈ الیکٹرک کے دیوالیہ پن کی مثال لے لیں، جسے کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے ہونے والے نقصانات کے باعث اربوں ڈالر کی ادائیگی کرنا تھی۔ اس ایک واقعے سے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو بخوبی سمجھا جاسکتا ہے کہ یہ کس طرح کمپنیوںکے لیے مالیاتی خطرات بڑھانے کا باعث بن رہی ہے۔

ماحولیاتی تبدیلی کے ان پریشان کن اثرات کے پیشِنظر، ابھی تک صرف گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کو روکنے پر زور دیا جارہا ہے جبکہ اس بات پر ابھی تک توجہ نہیں دی جارہی کہ معاشرے کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے کس طرح بچانا ہے۔

ماہرین کے مطابق، اگر ہم نے ابھی سے ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کی سکت رکھنے والے انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کا آغاز نہ کیا تو آنے والے عشروں میں ہم اپنی کمیونٹیز کو سیلابوں، ہیٹ ویوز، سائیکلون، جنگلوں کو لگنے والی آگ اور دیگر شدید موسمیاتی تغیرسے محفوظ نہیں رکھ پائیںگے۔

انفرااسٹرکچر کے حوالے سے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ ہم اپنے سرمایہ کاری کے فیصلوں میں ماحولیاتی خطرات کی قیمت کو کس طرح شامل کرتے ہیں۔ یہ ناصرف ایک عالمی مسئلہ ہے بلکہ دنیا بھر کی مارکیٹوں کے سسٹم کی بھی ناکامی ہے۔ مزید برآں، ماحولیات سے جڑے مسائل کو سمجھنے اور ان میں شفافیت کی بھی کمی ہے۔

سرمایہ کاروں، قرض خواہوں، انشورنس کمپنیوں اور ریٹنگ ایجنسیوں کو باخبر فیصلے کرنے کے لیے متذکرہ بالا معلومات کی دستیابی انتہائی ضروری ہے۔ ماحولیاتی تغیر کو برداشت کرنے والا انفرااسٹرکچر تعمیر کرنے کے لیے تھوڑی سی اضافی پیشگی سرمایہ کاری (جسے ہم اخراجات میں شمار کرتے ہیں)کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم، طویل مدت میں پائیدار انفرااسٹرکچر کی صورت میں اس کا منافع کہیں زیادہ ہوتا ہے۔

مثال کے طور پر، تیسری دنیا کے مماملک میں تعمیر ہونے والی کثیرالمنزلہ عمارتوں کی انجینئرنگ اگر ماحولیاتی تبدیلیوں کو مدِ نظر رکھ کر کی جائے اور ان کی تعمیر ایک کم کاربن والے(Low-carbon)اسٹرکچرکے طور پر کی جائے تو اس بات کے امکانات بڑھ جائیںگے کہ یہ عمارتیں اگلی صدی میں بھی کارآمد ثابت ہوسکیںگی۔ دنیا کو اس طرح کے باخبر فیصلے لینے کی ضرورت ہے۔بدقسمتی سے، ایک بڑا مسئلہ ان آلات کی دستیابی اور تجربات کی کمی ہے، جن کی بنیاد پر ہم یہ جان سکیں کہ ایسا انفرااسٹرکچر تعمیر کرنے کے لیے ہمیں کتنے سرمایہ کی ضرورت ہے۔

اسی ضرورت کے پیشِ نظر گزشتہ سال ستمبر میںاقوام متحدہ کے ’کلائمیٹ ایکشن سمِٹ‘ کے موقع پر ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک اتحادی فنڈ قائم کیا گیا، جس میں34کمپنیوں، اداروں اور ملکوں کی نمائندگی ہے۔ 5ٹریلین ڈالر کے اثاثہ جات کے ساتھ اسے ورلڈ اکنامک فورم،برطانیہ اور جمیکا کی حکومت کی معاونت حاصل ہے۔

نجی شعبے کی سربراہی میںیہ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے، جس کے تحت ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات برداشت کرنے والے انفرااسٹرکچر کی تعمیر کرنے کے لیے عملی حل تلاش کیا جائے گا۔ اندازہ ہے کہ 2030ء تک ہر سال دنیا بھر میں انفرااسٹرکچر کی ترقی پر 90ٹریلین ڈالر خرچ کیے جائیں گے، تاہم سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اس میںایسے انفرااسٹرکچر کا حصہ کتنا ہوگا جو ماحولیاتی سختیوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت کا حامل ہوگا؟ پائیدار انفرااسٹرکچر میںضرورت سے کم سرمایہ کاری کی ایک وجہ یہ ہے کہ ابھی تک ماحولیاتی خطرات کے معیارات (کلائمیٹ رِسک اسٹینڈرڈز) ہی دستیاب نہیںہیں۔

تاہم، اچھی بات یہ ہے کہ تعمیرات کے شعبے میں جیسے جیسے ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے، مستند اعدادوشمار کی دستیابی بھی بہتر ہوتی جارہی ہے، جس کی روشنی میں مقامی سطح پر ماحولیاتی خطرات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔ یقیناً، ہم ماحولیاتی تبدیلیوں کو مکمل طور پر روک نہیںسکتے لیکن پائیدارانفرااسٹرکچر تعمیر کرکے ہم خود کو اس کے اثرات سے ضرور محفوظ رکھ سکتے ہیں۔