ٹام کروز کا عالیشان پینٹ ہاؤس

January 26, 2020

ہالی ووڈ سپر اسٹار ٹام کروز دنیا بھر میںہردلعزیز ہیں، جس کی وجہ ان کی محنت اور لگن ہے۔ گزشتہ برس ان کی ریلیز ہونے والی فلم’’فال آؤٹ‘ ‘ میں ان کے خطرناک کرتب دیکھ کر فلم بیندنگ رہ گئے تھے۔ ٹام کروز فلموںمیںکام کرنے کا معاوضہ بھی بہت زیادہ لیتے ہیںلیکن فلم پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز اس معاوضے کوہنسی خوشی قبول کرلیتے ہیں۔

بھاری معاوضہ لینے اور بے پنا ہ بینک بیلنس ہونے کے سبب ٹام کروز بھی ہالی ووڈ کی دیگر سیلیبرٹیز کی طرح جائیدادیں بنانے کے شوقین ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اب تک نیویارک کے مشہور علاقے بیورلی ہلز، لاس اینجلس، ٹیلورائڈ، کولوراڈو اور فلوریڈا میں متعدد گھر بنانے کا خواب پورا کرچکے ہیں۔

تاہم ان دنوں ٹام کروز کا فلوریڈا کے ڈاؤن ٹاؤن کلیئر واٹر میں واقع پینٹ ہاؤس ہر طرف خبروں کی زینت بنا ہوا ہے، اس پینٹ ہاؤس میں ٹام کروز گزشتہ برس ہی رہائش پذیر ہوئے ہیں۔ ہمارا آج کا مضمون ٹام کروز کے اسی خوبصورت پینٹ ہاؤس سے متعلق دلچسپ حقائق سمیٹے ہوئے ہے ۔

فلوریڈا پینٹ ہاؤس

2018ء میں مشہور برطانوی ویب سائٹ میں شائع ایک خبر میں بتایا گیا تھا کہ ہالی ووڈ ایکشن ہیرو اور فلم ساز ٹام کروز نیویارک اورکیلوفورنیا میںاپنی جائیداد فروخت کرنے کے بعد2019ء میں امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے کلیئر واٹر میں واقع اپنے عالیشان پینٹ ہاؤس میں شفٹ ہوجائیں گے۔ یہ پینٹ ہاؤس، کلیئر واٹر میں سائنٹولوجی ہیڈکوارٹر سے کچھ ہی دوری پر واقع مشہور دس منزلہ عمارت ’’دی اسکائی ویو‘‘ کی بالائی دو منزلوں (نویں اور دسویں) پر بنا ہوا ہے، جس کی قیمت ملٹی ملین ڈالر ہے۔ کلیئر واٹر کا اسکائی ویو پراجیکٹ دراصل میکسیکو کے مشہور اور ارب پتی سائنٹولوجسٹ موائزز اگامی کا ہے۔

2015ء میں پراجیکٹ کے مالک نے اس عمارت کے ٹاپ فلورز کو 5اپارٹمنٹس میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا مگر 2016ء میں ٹام کروز کی جانب سے 40ملین ڈالرز میںبیورلی ہلز مینشن کی فروخت کے بعد یہ منصوبہ راتوں رات بدل گیا۔ 5اپارٹمنٹس بنانے کے بجائے اس جگہ عالیشان پینٹ ہاؤس بنانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد اس کی تعمیر اسی برس مکمل کرلی گئی۔

روف ٹاپ پول

ٹام کروز کے شاندار پینٹ ہاؤس کی سب سے اہم بات روف ٹاپ ڈیک میں تعمیر کروایا گیا انفنٹی پول ہے۔ اس پول کی چوڑائی 13فٹ اور لمبائی 40فٹ ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس کی تعمیر پر5لاکھ ڈالر لاگت آئی ہے اورتین ماہ کے عرصے میںاس کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔

قارئین کی رہنمائی کے لیے بتاتے چلیں کہ انفنٹی پول عام طور پر سمندر کے نزدیک بنے مکانات یا و سیع جگہ پر تعمیر کروائے جاتےہیں، جو ہر کسی کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ اس سوئمنگ پول میں پانی کا بہاؤ خودکار پمپ اور دیگر اشیا کے ذریعےپول میں پھیلتا رہتا ہے، اس کی وجہ سے ارد گرد کامنظر بھی صاف اور خوبصورت لگتا ہے۔

روف ٹاپ گیراج

آپ نے بیسمنٹ اور پورچ ایریا میں گیراج کا تو سنا ہوگا لیکن عمارت کی بالائی منزل پر گیراج یقیناًکچھ غیر معمولی بات محسوس ہوتی ہے۔ ٹام کروز کے پینٹ ہاؤس میں روف ٹاپ گیراج بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ عمارت کی انتظامیہ کی جانب سے ٹام کروز کو ایک کار ایلیویٹر کے ساتھ پینٹ ہاؤس میںپرائیویٹ اینٹرنس فراہم کی گئی ہے، جسے ٹام کروز نے گیراج کی صورت دی ہے۔ اس گیراج میں ایک ساتھ تقریباً9 گاڑیاں بآسانی کھڑی کی جاسکتی ہیں ۔

آؤٹ ڈور انٹرٹینمنٹ ایریا

ٹام کروز نے روف ٹاپ ٹیرس پر ہی دوستوں اور سائنٹولوجی اسٹاف سے ملاقات کے لیے آؤٹ ڈور انٹرٹینمنٹ ایریا تعمیر کروایا ہے۔ انفنٹی پول سے چند قدم کے فاصلے پر لکڑی کے فرش اور شیڈ کے ساتھ انٹرٹینمنٹ ایریا تعمیر کیا گیا ہے۔ اس حصے میں خوبصورت سٹنگ ارینجمنٹ مکینوںکے علاوہ آنے والوںکا بھی والہانہ انداز میں استقبال کرتی ہے۔

سخت سیکیورٹی

عمارت کے عملے کے مطابق اسکائی ویو کی پانچویں منزل سےسیکیورٹی کو سخت سے سخت رکھا گیا ہے اور ہر طرف سیکیورٹی گارڈزموجو د ہیں، اس کی وجہ پینٹ ہاؤس میںٹام کروز کی رہائش ہے۔ تزئین و آرائش کے دوران کام کرنے والے ٹھیکیداروں کوسخت چیکنگ کے عمل سے گزرنے کے بعد پینٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت دی جاتی تھی۔

آؤٹ ڈور اور اِن ڈورکچن

پینٹ ہاؤس میں ایک کے بجائے دو کچن تعمیر کیے گئے ہیں۔ اِن ڈور کچن سفید رنگ کے ٹائلز اور کاؤنٹر ٹاپ کے ساتھ بنایا گیا ہے، جس میںسیاہ رنگ کا فرنیچر اور کیبنٹری سسٹم کلاسک لُک دیتا ہے۔ اِن ڈور ایریا میں تعمیر کیا گیا کچن لیونگ روم سے ملحقہ ہے جبکہ آؤٹ ڈور میں بنے کچن کے لیے لکڑی بطور مواد منتخب کی گئی ہے ۔

داخلی راہداری

ٹام کروز کے پینٹ ہاؤس میں داخلے سے قبل، لکڑی کے خوبصورت امتزاج سے تعمیر کردہ داخلی راہداری تمام تر توجہ اپنی جانب سمیٹ لیتی ہے۔ لکڑی کے بیک گراؤنڈ سے تعمیر کردہ ریسیپشن ایریا کے عین سامنے لکڑی کے ساتھ ہی تعمیر کی گئی دیوار پر خوبصورت انداز میں عمارت کا نام درج ہے، جو اینٹرنس کو ایک الگ ہی دلکشی فراہم کرتا ہے۔ دوسری جانب کار پارکنگ کے لیے موٹر لابی کی تعمیر بھی کی گئی ہے، جس سے گزرتے ہوئے کار ٹام کروز کے پینٹ ہاؤس گیراج میں داخل ہوجاتی ہے۔