مشیر تجارت پاکستان دو روزہ دورے پر 27جنوری کوبرسلز آئیں گے

January 25, 2020

برسلز (حافظ ا نیب راشد) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود دو روزہ دورے پر 27 جنوری کو برسلز آئیں گے۔ یورپین دارالحکومت کے دورے کا مقصد یورپ اور پاکستان کے درمیان تجارت کا فروغ، جی ایس پی پلس اور دیگر معاملات ہیں۔ یہ بات بلجیم لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ نے سفارت خانہ پاکستان برسلز میں نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی مشیر کی ڈیووس میں یورپین پارلیمنٹ کے صدر اور یورپین کمشنر برائے تجارت سے بھی ملاقات ہوئی تھی جس میں انہیں برسلز آنے کیلئے دعوت دی گئی۔ رزاق دائود برسلز آنے کے بعد یورپین حکام کے علاوہ یورپین پارلیمنٹ بھی جائیں گے جہاں ان کی پارلیمنٹ میں موجود مختلف پارلیمانی لیڈرز سے ملاقات کے علاوہ مختلف کمیٹیوں میں موجود ممبران پارلیمنٹ سے انفرادی ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ وہ بلجیم کے وزیر تجارت سے بھی ملاقات کریں گے۔ سفیر پاکستان نے مزید بتایا کہ پاکستان اور یورپ کے درمیان سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت اجلاس جلد ہی اسلام آباد میں ہوگا جس میں یورپین یونین کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد شریک ہوگا۔ یہ تمام ملاقاتیں اور اجلاس پاکستان اور یورپ کے درمیان وسیع ہوتے ہوئے تعلقات کا اظہار ہیں ۔ اس موقع پر سفیر پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ نے پاکستان کی جانب سے جی ایس پی پلس پر شائع کردہ موثر، تفصیلی لیکن مختصر کتابچے سے بھی اس نمائندے کو متعارف کرایا جو یہاں مختلف حلقوں میں تقسیم کیا جائے گا جس کے ذریعے خواہش رکھنے والوں کو اس موضوع سے متعلق تمام معلومات فوری طور پر دستیاب ہوں گی ۔