جدید باتھ روم کی تعمیر، کیا اِن ہے اور کیا آؤٹ!

January 26, 2020

تعمیراتی ماہرین کے مطابق گھر کے دیگر حصوں کی طرح باتھ روم کی اہمیت سے بھی کسی طور انکار ممکن نہیں۔ جدید گھروں کی تعمیر میں ہر کمرے اور ضرورت کی جگہوں پر باتھ روم تعمیر کروایا جاتا ہے۔ لیکن غور طلب بات یہ ہے کہ جدید تقاضوں اور رجحانات سے ہم آہنگ باتھ روم کی تعمیر بہت کم ہی دیکھنے میں آتی ہے۔

تاہم، جدید طرز کے گھروں کی نقشہ سازی کے دوران باتھ روم کی تعمیر پر بھی بڑی توجہ دی جاتی ہے۔ اگر آپ گھر کے دیگر حصوں کی طرح اپنے باتھ روم کو بھی خوبصورت اور جدید دیکھنے کے خواہشمند ہیں تو تعمیرات کے دوران باتھ روم ٹرینڈز کو اتنی ہی اہمیت دیںجتنی گھر کے دیگر حصوں کو دیتے ہیں۔ آجکل ٹرینڈز میں کیا اِن ہے اور کیا آؤٹ، اس حوالے سے مفید معلومات ذیل میں درج ہیں۔

وال پیپر :اِن

پینٹ کلرز: آؤٹ

باتھ روم کے لیے تیز یا گہرے رنگوں کے انتخاب سے باہر نکل آئیںکیونکہ اب پینٹ کلرز کے بجائے وال پیپر ٹرینڈ واپس آگیا ہے۔ اگر آپ بڑے پیمانے پر گھر کے مختلف حصوں میں وال پیپرلگانے کے حق میں نہیں توصرف باتھ روم کے لیے وال پیپر کا انتخاب کیجیے۔ وال پیپر کے حوالے سے ایک خاص بات بتاتے چلیں کہ باتھ روم کے لیے مختلف قسم کے وال پیپر کا انتخاب کرنے کے بجائے اسٹیٹمنٹ وال پیپر زیادہ ٹرینڈ میں ہیں۔ اس کے علاوہ باتھ روم کے لیے منتخب کیے گئے وال پیپر میں مختلف رنگوں کے تجربات کرنے سے بھی گریز کریں ۔

اسٹیٹمنٹ ٹائلز: اِن

سب وے ٹائلز : آؤٹ

سب وے ٹائلز کا زمانہ ہوا پرانا، اب نئے اور جدید باتھ روم کی تعمیر کے لیےسب وے کے بجائے اسٹیٹمنٹ ٹائلز کا انتخاب کیجیے۔ 3"x6"کےسب وے ٹائلز گزشتہ پانچ برسوں سے باتھ روم ٹرینڈز کا حصہ تھے، تاہم رواں سال تعمیراتی ماہرین نے باتھ روم کے لیے اسٹیٹمنٹ ٹائلز کو بطور ٹرینڈز منتخب کیا ہے۔ ہلکے رنگوں اور مختلف ساخت لیے اسٹیٹمنٹ ٹائلز آپ کے باتھ روم کو کلاسیکل طرز فراہم کرسکتے ہیں۔

کلاسیکل شیشے : اِن

فریمنگ :آؤٹ

باتھ رو م میں شیشے کا استعمال دومقاصد کے لیے ضروری گرداناجاتا ہے۔ ایک تو باتھ روم کی کشادگی کی غرض سے اور دوسرا باتھ روم کو جدید تقاضوں میں ڈھالنے کے سبب۔ اگر آپ چاہتےہیں کہ آپ کا باتھ روم بھی خوبصورت دکھنے کے سا تھ ساتھ مغربی طرز کا لگے تواس کی ایک دیوار شیشے کے لئے مختص کردیں۔

اس دیوار پربڑے سائز کا گول، نفیس اور سادہ شیشہ نصب کردیں، یہ شیشہ فریمنگ میں جڑے روایتی طرز کے شیشوں کے برعکس آپ کے باتھ روم کو نہ صرف جدید اور کلاسیکل انداز دے گا بلکہ اس کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرے گا ۔

شاور روم : اِن

باتھ ٹب : آؤٹ

ایک عام اور روایتی طرز کا باتھ رو م تعمیر کرنے کے بجائے لگژری باتھ روم تعمیر کرنے کے لیے باتھ ٹب کی خریداری کا ارادہ منسوخ کردیں، اس کی جگہ کچھ حصہ شاور روم کے طور پر مختص کرنے کا سوچیں۔ اس حصے کے لیے گلاس ٹائل کا انتخاب ٹرینڈ کا حصہ ہے۔ شاور روم باتھ روم میں ہی تعمیر کیا گیا ایک ایسا حصہ ہوتا ہے، جہاں بطور مواد ٹائلز یا شیشہ کا استعمال کرتے ہوئے شاور ایریا کو باتھ روم کے دیگر حصوں سے علیحدہ کردیا جاتا ہے۔ اس حصے میں آپ اپنے بجٹ اور جگہ کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے شاور کا انتخاب کرتے ہیں ۔

رنگین باتھ ٹب: اِن

سادہ ٹب: آؤٹ

باتھ روم میںباتھ ٹب کا ہونا ایک لگژری ہے، مغرب میں تو باتھ ٹب کی اہمیت کے پیش نظر اکتوبر کے مہینے میں ’باتھ ٹب ڈے‘ بھی منایا جاتا ہے۔ اگر آپ اس روایت کی تبدیلی کے حق میں نہیں اور اپنے باتھ روم کے لیے شاور روم کی جگہ باتھ ٹب کو ہی ضروری خیال کرتے ہیں تو ہلکے یا جیٹ کے بجائے کلر فل باتھ ٹب کا انتخاب کیجیے۔ کلر فل باتھ ٹب کے انتخاب کے ذریعے ایک طرف آپ اپنی پسند کو بھی برقرار رکھیں گے تو دوسری طرف آپ کا باتھ روم بھی جدت کے متقاضی تصور کیا جائے گا۔

بلیک :اِن

گرے: آؤٹ

آپ نے اکثر سنا ہوگا کہ گھر کے وہ حصے جنہیں کشادہ یا بڑادکھانا مقصود ہو ان کے لیے گہرے کے بجائے ہلکے رنگوں کا انتخاب کیا جائے۔ یہ مشورہ ماضی میں نہ صرف عام افراد بلکہ انٹیریئر ڈیزائنرز کی جانب سے بھی دیا جاتا تھا، تاہم اب صورتحال کچھ مختلف ہے کیونکہ یہ تسلیم کیا جاچکا ہے کہ گہرے رنگ، ہلکے رنگوں کے برعکس کسی بھی حصے کو زیادہ کشادہ اور بڑا دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اپنے باتھ روم کی کسی ایک بھی دیوار سے سرمئی رنگ حذف کرتے ہوئے سیاہ رنگ کا انتخاب کیجیے۔ سیاہ رنگ ایک طرف آپ کے باتھ روم کو جدت بخش گا تو دوسری جانب اس میں وسعت بھی پیدا کرے گا۔