پاکستان جرنلسٹس فورم کی جانب سے نشست کا اہتمام

January 27, 2020

پی جے ایف کی تقریب میں جاوید رفیق، ابو نصر شجاع،دیگر اراکین کے ساتھ

سعودی عرب میں پاکستانی صحافیوں کی تنظیم پاکستان جرنلسٹس فورم (پی جے ایف) کی جانب سے پاکستان قونصلیٹ جدہ سے سبکدوش ہونے والے جاوید رفیق کے اعزاز میں الوداعی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت اکرم اسد نے کی۔ چیرمین امیر محمد خان نے تمام ممبران کی جانب سے مہمان خصوصی جاوید رفیق کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ جاوید رفیق ایک پر خلوص، َفرض شناس اور ملنسار طبیعت کے مالک ہیں۔ان کی خدمات اور خوبیوں کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ پی جے ایف کے ساتھ ان کے تعلقات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

امیر محمد خان نے کہا پی جے ایف کی یہ روایت نہیں تھی کہ کسی ڈپلومیٹ کو الوداعیہ دیا جائے، مگر جاوید رفیق اس بات سے مستثنیٰ اس لئے ٹھہرے کیونکہ وہ کمیونٹی میں یکساں مقبول ہیں نیز انہوں نے جرنلسٹس فورم کی پاک سعودی تعلقات کے فروغ دینے کے کردار کو سراہا اور بعض موقع پہ رہنمائی بھی کی ہے۔تقریب سے جاوید رفیق نے اپنے خطاب میں پی جے ایف کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ میں نے پاکستانی کمیونٹی کی جتنی بھی خدمت کی وہ حکومت پاکستان کے خدمت گار کے طور سے کی۔

مجھے خوشی ہے کہ اپنی مدت ملازمت کامیابی اور خوش اسلوبی سے نبھا کرجارہا ہوں۔اللہ تعالیٰ کا بہت شکر ادا کرتا ہوں کہ میرا قیام بہت خوشگوار رہا۔قونصلیٹ کے دیگر افسروں اور اسٹاف کے تعاون کا بھی میں مشکور ہوں۔صحافی برادری سے میں خاص طورسے امید رکھوں گاکہ وہ اپنی کمیونٹی اور ملک کے لئے مثبت انداز سے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری ادا کریں گے، انھوں نے کہا کہ مجھے یہ کہنے میں کوئی مبالغہ نہیں کہ پی جے ایف مملکت میں ذمہ داری سے کام کر رہی ہے جو دیگر تنظیموں کے لئے قابل تقلید ہے۔جاوید رفیق نے اپنی جگہ آنےوالےنئے افسر ابونصر شجاع کا تعارف کراتے ہوئےکہا اپ لوگ ان کو مجھ سے بہتر پائیں گے۔

اس موقع پر ابو نصر شجاع نے اپنی مختصر بات چیت میں پی جے ایف کو بھر پورتعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ جدہ میں سنجیدہ تعلیم یافتہ صحافیوں کی بڑی تعداد موجود ہے، جو پاکستان اور عالمی حالات و معاملات سے باخبر رہتےہیں۔تقریب میں پریس قونصلر ارشد منیر بھی موجود تھے ۔آخر میں پی جے ایف ٹیم نے مہمانوں کو یادگاری تحفے پیش کیے۔ اس موقع پر سید مسرت خلیل،خالد چیمہ، انجم وڑائچ، امانت اللہ، محمد عدیل، یحیی اشفاق،معروف حسین اور مریم شاہدنے بھی شرکت کی۔