لائیو شو کے دوران گلوکارہ کو ملی ماں کی موت کی خبر

January 27, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

لائیو شو کے دوران گلوکارہ کو ماں کی موت کا پتہ لگا

ایک لائیو ٹی وی شو کے دوران خاتون گلوکارہ کو پتہ لگا کہ اس کی والدہ انتقال کر گئیں۔

غیر ملکی ٹیبلائیڈ کے مطابق انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والی جنت نامی 14 سالہ لڑکی ایک ٹی وی شو کے دوران اپنی گائیکی کی پرفارمنس دکھا رہی تھی۔

گلوکارہ اس شو کی 28 ہزار انڈونیشین روپے کی انعامی رقم جیتنے کے لیے اس پروگرام کا حصہ تھی۔

پروگرام سے قبل لڑکی بتا چکی تھی کہ اس کی والدہ ذیابیطس کی مریضہ ہیں اور وہ اس شو کی انعامی رقم جیت کر ان کے علاج پر خرچ کرنا چاہتی ہیں۔

مختلف راؤنڈز پر مشتمل اس شو کے ایک مرحلے کو اپنی گائیکی کی مدد سے اس لڑکی نے عبور کیا۔

جب ججز نے اسے اگلے راؤنڈ میں جانے کی نوید سنائی تو لڑکی کی خوشی دیدنی تھی اور اس نے فوراً اپنی والدہ کو فون کرکے یہ خبر دینے کی خواہش کا اظہار کیا جس کے لیے وہ اس شو کا حصہ تھیں۔

اس کی یہ خوشی اسی لمحے ماند پڑ گئی جب اس کے گھر میں موجود اس کے ماموں نے یہ بتایا کہ اس کی والدہ کچھ دیر قبل ہی انتقال کر گئیں۔

فون پر اس شخص نے کہا کہ تمھاری والدہ نے کہا کہ تم بہت بہادر لڑکی ہو کیونکہ اب تمھیں ہی اپنے خاندان کا خیال رکھنا ہے۔

جنت کا فون موصول کرنے والے شخص نے مزید کہا کہ ہم سب تمھاری والدہ کو پیار کرتے تھے، لیکن اللّٰہ ان سے ہم سب سے زیادہ پیار کرتا ہے اور انہیں اپنے پاس بلالیا۔

اپنے گھر سے آنے والی یہ خبر سنتے ہی جنت زارو قطار رو پڑیں جبکہ پورے ہال میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔