اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کا رجحان

January 28, 2020

لندن (حمزہ اظہر سلام) معروف ریئل اسٹیٹ کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جنہوں نے سرمایہ کاری کا دائرہ پاکستان تک بڑھایا ہوا ہے، نے کہا ہے کہ پاکستانی مارکیٹ میں کچھ مہینوں سے مندی کا رجحان تھا لیکن اب یہ سرمایہ کاری کیلئے مزید دلچسپی کا مظاہرہ کررہی ہے اور واقعتاً لوگوں کو سستے پلاٹ مل رہے ہیں۔ سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کی سی ای او مریم حمزہ نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی طویل مدتی سرمایہ کاری کے طور پر پاکستان کی رہائشی سکیموں میں تیزی سے سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ مریم حمزہ میفیئر ہوٹل میں سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی جہلم کے خصوصی ’’اوورسیز ایفل ٹاور بلاک‘‘ کی لانچنگ کی تقریب میں جیو اور دی نیوز سے گفتگو کررہی تھیں۔ سٹی ہاؤسنگ کی جانب سے شروع کیا گیا یہ پانچواں منصوبہ ہے۔ مریم حمزہ نے کہا کہ قطع نظر اس سے کہ پاکستان کی معاشی صورتحال اچھی ہے یا خراب، غیر ملکی کمیونٹی ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں اچھی خاصی سرمایہ کاری کررہی ہے اور یہ ایک مستقل رجحان بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کم قیمت والی، سستی رہائشی سکیموں میں سرمایہ کاری کرنا نیا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں اپنی تمام اسکیموں کا غیر معمولی ردعمل ملا ہے۔ ہم نے ریکارڈ توڑ کر نئے معیارات قائم کئے ہیں اور یہ اس لئے ہوا ہے کہ ہماری قیمتیں کافی مسابقتی ہیں۔ رانا زاہد علی، جو اس منصوبے کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیں، نے کہا کہ پونڈ کے لئے سازگار زر مبادلہ کی شرح کو دیکھتے ہوئے گزشتہ چند مہینوں میں برطانیہ کے صارفین کی طرف سے سرمایہ کاری میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے۔ ہمیشہ سیکورٹی سرمایہ کاروں کا ایک اہم خدشہ ہوتا ہے لیکن اب صورتحال بہتر ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد بین الاقوامی ویب سائٹس نے پاکستان کو سب سے پسندیدہ اور سفر کی دلچسپ منزل قرار دیا ہے اور اس سے سرمایہ کاری کے لئے ایک حقیقی، مثبت ماحول پیدا ہوا ہے۔