پینٹاگونیا کمپنی میں سرمایہ کاری،این ایل سی سے ایک ہفتےمیں جواب طلب

January 28, 2020

اسلام آباد ( نامہ نگار) پبلک اکائونٹس کی ذیلی کمیٹی نےاین ایل سی سےپینٹاگونیاکمپنی میں سرمایہ کاری اور جاپان پاورکمپنی کو 75 ملین روپے فراہمی قرض کی تفصیلات ایک ہفتہ میں طلب کرلی ہیں ، ریکارڈ کے بعد معاملہ نیب کوبھیجنے کافیصلہ کیا جائےگا۔ کمیٹی نے سٹاک ایکسچ سکینڈل میں ملوث بروکرز و دیگر ذمہ داروں کی تفصیلات بھی این ایل سی سےطلب کر لی ہیں ۔۔ ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں گزشتہ روز پارلیمنٹ میں ہوا ، اجلا س میں این ایل سی سے متعلقہ مالی سال 1999سے 2009تک کے آڈٹ پیراز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، این ایل سی کے سی ایف او ، بریگیڈئر عبدالوحید نے بتایاکہ این ایل سی نے جاپان پاور کے 26ملین حصص 115ملین روپے میں خریدے۔ سیکرٹری منصوبہ بندی ڈویژن نے کہا اس سرمایہ کاری کا کوئی جواز نہیں تھا اور اس دور میں اور بھی بہت سارے غلط کام ہوئے ہیں ۔ بریگیڈئر عبدالوحید نے مزید بتایاکہ این ایل سی نے پاک عمان ، پاک سعودی اور پینٹاگونیا کے کنورشیم سے 43فیصد حصص خریدے۔