502ورکشاپ کے قریب نصب فلٹریشن پلانٹ کئی ہفتوں سے بند

January 28, 2020

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) 502ورکشاپ کے قریب لگا فلٹریشن پلانٹ کئی ہفتوں سے بند ہونے کیوجہ سے اہل علاقہ کو پینے کے پانی کے حصول میں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اڈیالہ روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں ڈھوک جمعہ، لالہ زارکالونی، ڈیفنس روڈ، مبارک لین، ڈھوک کلہور و دیگر علاقوں میں رہنے والے ہزاروں لوگ اس فلٹریشن پلانٹ سے پینے کا پانی حاصل کرتے تھے مگر اب یہ سہولت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ 502ورکشاپ کے فلٹریشن پلانٹ کا پانی صاف ہونے کی وجہ سے قابل بھروسہ تھا اورلوگ یہاں سے پانی بھرکرلے جاتے تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اعلی حکام یہ مسئلہ حل کرائیں تاکہ لوگ صاف پانی کی سہولت سے مستفید ہوسکیں۔