ایس پی ر اول کا تھانہ رتہ امرال کا دورہ زیر تفتیش مقدمات مکمل کرنے کی ہدایت

January 28, 2020

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ایس پی راول ڈویژن رائے مظہر اقبال نے تھانہ رتہ امرال کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ایس پی راول نے تھانے کے ریکارڈ، فرنٹ ڈیسک، حوالات، تھانہ کی سیکیورٹی اور تھانہ سے متعلق دیگر امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیر تفتیش مقدمات کو بروقت میرٹ پر مکمل کیا جائے،مقدمات میں ملوث ملزموں کو گرفتار اوراشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ ایس پی نے محرر کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ کی بروقت تکمیل کی جائے اور تھانہ کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ہر صورت قانون کی حکمرانی کو قائم رکھنا ہے اور اس حوالے سے تمام دستیاب وسائل کوبروئے کار لایا جائے ۔