اسلام اور مسلمانوں کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں‘مولانا عبدالصمد

January 28, 2020

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما سابق صوبائی وزیر مولانا عبدالصمداخوندزادہ نے کہا ہے کہ کفری طاقتیں مسلمانوں کے خلاف سازشوں کا سلسلہ بند کریں ،اسلام امن وآشتی کا مذہب ہے اسلام ہمیں امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔اسلام اور مسلمانوں کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں،ایک منظم سازش کے تحت مسلمانوں کاتعلق دہشت گردی سے جوڑا جارہا ہے ،اگر اب بھی مسلمانوںنے اتحاد واتفاق کا مظاہرہ نہ کیا تو مستقبل میںمسائل اور بھی بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلامی دنیا کا ایک اہم ملک اور اسلامی دنیا کا واحد ایٹمی ملک ہے جواسلامی دنیا کو ایک پلیٹ فارم پراکٹھا کرنے کے لئے اہم کردار ادا کرسکتاہے ۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام میں نفرت اور تعصب پیدا کرنے والے اس کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے،ملت اسلامیہ ایک جسم کی مانند ہے،اگر جسم کے کسی حصے کو درد ہو تو پورا جسم متاثر ہوتا ہے،آج افغانستان ،کشمیر،عراق ،شام لبنان اور لیبیا کے حالات میں مسلمان کیسے پرسکون رہ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے تمام مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنائیں۔