شہید عبدالرحمان مرتے دم تک اپنے افکار پر قائم رہے‘پشتون ایس ایف

January 28, 2020

کوئٹہ ( آئی این پی )پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی چیئرمین عالمگیر مندوخیل نے اپنے بیان میں شہید عبدالرحمان ایسوٹ کی پچیسویں برسی پر انکی عظیم جدوجہد اور پشتون قومی تحریک میں نمایاں کردار ادا کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید عبدالرحمان ایسوٹ زمانہ طالبعلمی سے فخر افغان باچا خان کی متعین کردہ افغان قومی تحریک سے وابستہ ہوئے، رہبر تحریک خان عبدالولی خان کے قافلے کے ساتھی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما کے طور پر مصروف عمل رہے اور مرتے دم تک اپنے افکار پر قائم رہے،اس کٹھن راستے پر شہید نے قید وبند اور جلاوطنی کی تکالیف جھیلیں۔ بیان میں کہا گیا کہ آج حالات ایک بار پھر اس نہج پر ہیں کہ افغان وطن کو سامراجی طاقتوں کے مفادات کی بھینٹ چڑھانے کیلئے ہر طرف سے نرغے میں لیا جاچکا ہے‘ضرورت اس امر کی ہے کہ جن مقاصد کے حصول کیلئے عظیم رہنما شہید عبدالرحمان ایسوٹ نے اپنی جان کی قربانی دی ان کے ارمانوں کی تکمیل کیلئے ہمیں منظم انداز میں جدوجہد کرنا ہوگی۔علاوہ ازیں بیان میں گزشتہ روز بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پشتونوں پر ہر طرف سے تعلیم کے دروازے بند کئے جارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پنجاب کے ذمہ داران سے واقعہ کا نوٹس لینے اور یونیورسٹی و ضلعی انتظامیہ سے ان شرپسند عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے دائرے میں لانے کیلئے دبائو ڈالا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جاسکے اور تعلیم کے حصول کیلئے بلوچستان سے دیگر صوبوں کی طرف جانے والے طلبا کو بلا کسی خوف پرامن تعلیمی ماحول میسر ہو۔