ایف پی سی سی آئی ملک کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی، حاجی غلام علی

January 28, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی) سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے سابق چیئرمین اور ایف سی سی پی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس و انڈسٹری ملک بھر کے 192سے زائد چیمبرز آف کامرس اور ایسوسی ایشن کی نمائندگی کر رہی ہے جبکہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے سلسلے میں بزنس کمیونٹی اور حکومت کے درمیان پل کا کردار اد ا کر رہی ہے۔ ایف پی سی سی آئی کی طرف سے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل ناروا ٹیکسوں کے خاتمے اور صنعت و تجارت و کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں ٹھوس منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا پنجاب سندھ اور بلوچستان کے تاجر نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چار سال میں ایف پی سی سی آئی کا کردار انتہائی مایوس کن رہا جس سے بزنس کمیونٹی کے مسائل و مشکلات میں اضافہ ہوا حکومت کی طرف سے بنائے جانے والی اکیس رکنی بزنس کونسل میں فیڈریشن کے صدر اور کسی بھی نمائندے کو شامل نہیں کیا گیا تاہم بزنس پینل کی کامیابی سے بزنس کمیونٹی کے مشکل دور کا خاتمہ اور نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے شرح سود میں اضافے کے خاتمے اور بند کارخانوں کو چالو کرنے کے سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ فیڈریشن کے صدر میاں انجم نثار ملک کے مایہ ناز صنعت کار ہیں ان کا شمار ملک کے ٹاپ ٹن ٹیکس دھندگان میں ہوتا ہے ۔ حاجی غلام علی نے کہا کہ ملک سے غربت و بے روزگاری کے خاتمے کے لئے ملک میں زیادہ سے زیادہ نئے کارخانے لگائے جائیں گے اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا ۔