باجوڑ سے وزیرستان تک تمام خاندانوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اعلان

January 28, 2020

پشاور (نیوزڈیسک)وزیراعلٰی کے معاون خصوصی برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول غزن جمال نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلٰی محمود خان کو قبائلی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کے مسائل کا ادراک ہے اور اس مد میں حکومت کی جانب سے قبائلی عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے اور ان علاقوں کو صوبے کے دیگر حصوں کے برابر لانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپر اورکزئی میں منعقدہ قومی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس میں عمائدین علاقہ کے ساتھ قومی لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے حلقے میں عوامی جرگے کے مسائل سنئے اور ان کے فوری حل کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات بھی جاری کیں۔قومی جرگے نے معاون خصوصی کے سامنے اپنے مسائل رکھے۔ قومی جرگے نے علاقے میں تعلیمی اداروں کی تعمیر نو و بحالی، روزگار کے مواقع کی دستیابی اور اتنظامی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے سمیت دہشت گردی سے متاثرہ گھروں کے دوبارہ سروے جیسے مسائل بیان کئے۔ جرگے نے سرد موسم میں معاون خصوصی کا دو گھنٹے جرگہ کے مسائل سننے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ حکومت نے باجوڑ سے وزیرستان تک تمام خاندانوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اعلان کیا ہے اور اسی طرح تعلیمی اداروں کی بحالی و فعالی کیلئے ہزاروں اساتذہ کی بھرتی کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔ غزن جمال نے جرگے کو یقین دلایا کہ وہ علاقے کے مسائل ہر فورم پر اْجاگر کرینگے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ اداروں سے روابط بھی استوار کرینگے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کیلئے ہر وقت حاضر ہیں۔