خواتین خاتون جنت کے طرز زندگی کو شعار بنائیں،علامہ رضی جعفر

January 29, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جعفر یہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید رضی جعفر نقوی نےیوم وفات حضرت فاطمہ الزہرؓاکے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ خواتین کو معاشرے میں باوقار مقام کے لیے خاتون جنت کے طرز زندگی کو شعار بنانا ہو گا ،خاتون جنت کی ذات اقدس سے عقیدت و احترام اور محبت کا اظہار کیا جائے اور ان سے مکمل وابستگی دکھائی جا ئے ۔موجودہ سنگین دور میں جب خواتین میں فکری انتشار پیدا ہوچکا ہے اور ترقی و جدت کے نام پر عورتوں کا ہر معاشرے میں بالخصوص یورپ اور مغربی معاشروں میں شدت سے استحصال کیا جارہا ہے ایسے حالات میں خاتون جنت کی سیرت اور کردار ہی واحد ذریعہ ہے جس پر عمل کر کےخواتین اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتی ہیں۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے خاندانی ذاتی معاملات سے لے کر اجتماعی معاملات تک ہر موقع پر سیدہ کی شخصیت کو مدنظر رکھیں اس کے ساتھ ساتھ ایسی نیک سیرت نسلیں معاشرے کو فراہم کریں جو معاشروں میں اصلاح لانے کی استعداد رکھتی ہوں ۔