فضائیہ ہائوسنگ اسکیم کیس، نیب و اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو تیاری سے پیش ہونے کا حکم

January 29, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل کی انکوائری اور ضمانت سے متعلق دائر درخواستوں پر نیب پراسیکیوٹر اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو 13فروری تک متعلقہ دستاویزات اور تیاری کیساتھ پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ فاضل عدالت نے شریک ملزم عطاءالکبیر کی عبوری ضمانت میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی ہے۔ منگل کو جسٹس محمد کریم خان آغا کی سر براہی میں دو بینچ نے فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل کی انکوائری اور ضمانت سے متعلق تنویر احمد اور بلال تنویر و دیگر کی دائر درخواستوں کی سماعت کی ۔سماعت کے موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عرفان عزیز میمن نے وزارت قانون سمیت دیگر کی جانب سے جواب داخل کرنے کیلئے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ اہم نوعیت کے کیس میں وفاقی حکومت کی غیر سنجیدگی سمجھ سے بالاتر ہے اور ہم نے آپ کو جواب کے ہمراہ پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے درخواستوں کی سماعت 13فروری تک ملتوی کردی۔ نیب کے مطابق نیب کراچی نے فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کیخلاف تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے، فضائیہ پروجیکٹ متاثرین کی درخواست کے بعد دوبارہ تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا تھا، فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم متاثرین کی تعداد 6 ہزار سے زیادہ ہے، متاثرین کی جانب سے اسکیم میں 13 ارب روپے لگائے گئے تھے،گرفتار ملزمان کا تعلق میگزیم کمپنی سے ہے۔