یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں فوٹو گرافی نمائش کا افتتاح

January 29, 2020

اسلام آباد ( خصو صی رپورٹر ) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام نیشنل آرٹ گیلری میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں فوٹو گرافی کی نمائش کا افتتاح ہوا۔ نمائش میں وادی کشمیر میں جاری بھارتی فورسز کے مظالم کی عکاسی کرنے کے لئے تصاویر رکھی گئی ہیں۔ نمائش کا مقصد کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور دنیا کو کشمیر عوام پر بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا ہے۔ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے طو ر پر پوری دنیا میں منایا جاتا ہے جس کا مقصداقوام عالم اور اقوام ِ متحدہ کو اپنے چارٹر پر عمل کرانے کے لئے یادہانی کرانا ہوتا ہے۔پارلیمنٹری سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان ثوبیہ کمال خان نے نمائش کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اِس دن کی اہمیت پہلے کی نسبت زیادہ ہو گئی ہے کہ بھارت نے کشمیری عوام سے زندگی کا حق چھین لیا ہے اور ظلم کی یہ مثال دُنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ اس سلسلے میں آج 11 بجے پی این سی اے میں ایک خصوصی پتلی تماشہ بھی پیش جائے گا۔