تعمیرات میں معیاری مٹیریل کی اہمیت

February 02, 2020

وہ کہتے ہیں ناں کہ جتنا گڑ ڈالو، اتنا میٹھا۔ مکان کی تعمیر میںبھی یہی بات صادق آتی ہے کہ آپ اس کی تعمیر میںجس قدر معیاری مٹیریل استعمال کریں گے، اتنا ہی زیادہ آپ کا گھر پائیدار بنے گا اور سالہا سال آپ کے سر پر سایہ فگن رہے گا۔ معیاری مٹیریل کے حصول کے ساتھ ساتھ آپ کو عمدہ کاریگر اور پیشہ ور آرکیٹیکٹس کی ضرورت بھی ہوتی ہے، ورنہ معیاری مٹیریل کی افادیت کم ہو سکتی ہے۔

تاہم سب سے پہلے زمین کی نوعیت، سائز اور نقشے کے مطابق آپ کو گھر کی منصوبہ بندی کرنی ہے، جس کے بعد معیاری مٹیریل کا حصول آپ کا پہلا اصول ہونا چاہئے۔ اس ضمن میں پیسے بچانے کے بجائے دور اندیشی سے سوچنا چاہئے کہآپ نےاور آپ کے بچوں نے جہاں رہنا ہے، اس کے میعار پر قطعی طور پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔ معیاری مٹیریل کے استعمال کے فوائد ذیل میں بتائے جارہےہیں۔

مدت میعاد

معیاری تعمیراتی مٹیریل بہت قوت اور دیرپا صلاحیت کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے، جس کے استعمال سے پیسے کے ساتھ ساتھ آپ کے وقت کی بھی بچت ہوتی ہے۔

طاقت

ظاہر ہے کہ کمتر معیار والے مٹیریل کے مقابلے میںمعیاری مٹیریل میںبوجھ سہارنے اور وجود برقرار رکھنے کی زیادہ طاقت ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر لوہے کی سلاخوں کے کئی درجات ہوتے ہیں، اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ کس قدر معیاری مٹیریل استعمال کرتے ہیں۔ یہی صورت حال دیگر مٹیریل جیسے کہ بلاکس اور ٹائلز وغیرہ کی بھی ہوتی ہے، ان کا انتخاب کرتے وقت بھی معیار پر توجہ دیں۔

تحفظ

مکان کی تعمیر کرتے وقت سب سے پہلی ترجیح یہ ہوتی ہے کہ وہ رہنے کے لیے محفوظ ہو۔ جب آپ معیاری مٹیریل استعمال کرتے ہیں تو وہ آپ کے مکان کو بہت سے خطرات سے محفوظ رکھتے ہیں۔

صوتی موصلیت

اچھے معیار کا سامان مضبوطی سے تعمیر یا تیار کیا جاتا ہے، لہٰذا ان میں آواز کی موصلیت کی بہتر صلاحیت ہوتی ہے جیسے کہ اچھے ٹھوس دروازے اور کھڑکیاں۔

جمالیات

کوالٹی پینٹ بہترین اجزاء سے تیار ہوتے ہیں۔ جب آپ انہیں گھر کی آرائش کیلئے استعمال کرتے ہیں تو گھر کی جمالیات بھی ابھر کر سامنے آتی ہیں۔

لاگت

بہتر معیار کی وجہ سے اچھے مٹیریل کی لاگت زیادہ ہوتی ہے۔ تاہم طویل مدت تک چلنے کی وجہ سے بار بار ان کی مرمت پر پیسے خرچ نہیں کرنے پڑتے، اس لئے مستقبل کے پیش نظر ان کی لاگت زیادہ محسوس نہیں ہوتی۔

استحکام

معیاری مٹیریل سے بنائے گئے گھر طویل عرصہ تک مستحکم رہتے ہیں۔

ری سائیکلنگ

تعمیراتی کام کے دوران سائٹ پر معیاری میٹریل کا استعمال کثرت سے کیا جاسکتا ہے۔ ایسے ہی اگر میرین پلائی ووڈ کی بات کریں تو تعمیرات کے دوران اکثر اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ نرم لکڑی کے یہ تختے ایک بار استعمال کے بعد خراب ہوجاتے ہیں، تاہم ان کو ری سائیکل کرکے دوبارہ استعمال میںلایا جاسکتا ہے۔

صحت اور حفاظت

معیاری مٹیریل سائٹ پر حادثات کا سبب نہیں بنتے اور ہوسکتا ہے کہ وہ زہریلے مادے کا اخراج بھی نہ کریں کیونکہ معیاری مٹیریل لیبارٹریز سے جانچ پڑتال کے بعد مارکیٹ میںآتے ہیں۔

تنصیب میں آسان

معیاری مٹیریل کو کم سے کم غلطی کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے تعمیراتی سائٹ پر مزدوروں کیلئے ان کا استعمال آسان ہوجاتا ہے۔

ساخت کی اہلیت

صحیح استعمال کے ساتھ اچھی ساخت والا مٹیریل آپ کی عمارت کو گرنے سے روک سکے گا جیسے کہ اچھے بلاکس سے بنی دیواروں میں دراڑیں کم پڑتی ہیں۔

بحالی

معیاری مٹیریل کی بحالی یا مرمت آسان ہوتی ہے اور اس پر زیادہ خرچ بھی نہیں آتا۔

نمی / موسم کی مزاحمت

معیار ی اجزاء کے استعمال کے باعث معیاری مٹیریل نمی کی وجہ سے ہونے والی خرابی یا موسم کی خراب صورت حال کو عمدگی سے برداشت کرتاہے جبکہ ناقص مٹیریل موسم کی خرابی کو برداشت نہیںکرپاتے، خاص طورپر لوہا زنگ آلود ہوجاتا ہے، جس سےمکان کا استحکام خطرے میں پڑ سکتاہے ۔

مزاحمت

خدانخواستہ اگر آگ لگ جائے تو معیاری مٹیریل مزاحمت کرتے ہوئے اسے پھیلنے سے روکتے ہیں کیونکہ ان مٹیریل کی تیاری کے دوران آگ سے مزاحمت والی خصوصیت کو بھی دھیان میںرکھا جاتاہے۔

ماحول دوست

آجکل مٹیریل کو ماحول دوست بھی بنایا جارہاہے تاکہ گھروں میں ضائع ہونے والی توانائی کی مقدار کو بھی کم سے کم کیاجاسکے ۔

کم ویسٹیج

معیاری مٹیریل کا استعمال کیا جائے تو اس طرح مٹیریل کم ضائع ہوتا ہے ، جس سے نہ صرف پیسوں کی بچت ہوتی ہے بلکہ کم ویسٹیج کے باعث اسے ٹھکانے لگانے کی پریشانی بھی کم ہوتی ہے۔

وائرنگ

معیاری انڈرگرائونڈ وائرنگ کی بات کی جائے تو مسلمہ اصول یہ ہے کہ گھر کی تعمیر کے دوران جو بھی تاریں، ساکٹس اور سرکٹس استعمال کیے جارہے ہوں، وہ میعاری ہوں۔ یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ تانبے سے بہتر بجلی کاکوئی موصل (Conductor) نہیں اور اگر آپ نے خالص تانبے کے تاروںکا استعمال کیاہے توپھر سالہا سال آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وائرنگ کروانے کے لیے کسی ماہر کیخدمات حاصل کی جائیں تاکہ بعد میںکسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

ستون

ستون (Pillars) زمین سے چھت تک عمودی کھڑے ہوتےہیں جو کہ چھت، سلیبس اور بیمز کے ساتھ ساتھ اپنے وزن کو بھی سہارتے ہیں۔ اگر ستون میں خرابی ہو یا ستون گر پڑے تو پوری عمارت منہدم ہو سکتی ہے۔ اسی لیے گھر کی تعمیر یا اسٹرکچر کو کھڑا کرنے کیلئے ستونوں پر بہت زیادہ دھیان دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔