فینگ شوئی کے تحت رنگ و روغن کا انتخاب

February 04, 2020

مکان کی تعمیر، تزئینِ نو یا پھر آرائش میں رنگوں کو خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ رنگ انسان کو حیران کردینے کی صلاحیت سے مالا مال ہوتے ہیں، کہیں یہ ذہنی یکسوئی کا باعث بنتے ہیں توکہیں مزاج کو تازگی بخشنے کا ذریعہ،کہیںپر سکون ماحول کا تاثر دیتے ہیں تو کہیں خوشی کی علامت بن جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم میں سے ہر شخص رنگوں کو پسند کرتا ہے۔

اگر بات کریںفینگ شوئی کی تو اس کے تحت رنگوں کا استعمال آپ کے گھر کا ماحول اور تاثر تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، لیکن یہ تبدیلی کسی بھی جگہ کے جمالیاتی اعتبار سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ اکثر لوگوں کا ماننا ہے کہ فینگ شوئی محض ایک سجاوٹی انداز نہیں ہے کیونکہ اس میں آرٹ اور سائنس دونوں شامل ہیں۔

فینگ شوئی کا فلسفہ اِس بات پر یقین رکھتا ہے کہ تمام ٹوٹی ہوئی اشیا کو پھینک دینا چاہیے کیونکہ یہ منفی توانائی لاتی ہیں یا مثبت توانائی کا راستہ روکتی ہیں۔ اس کا مقصد توازن اور ہم آہنگی قائم کرنا ہے، جس کے ذریعے انسان کی توانائی کی سطح میں اضافہ کیا جاسکے۔ یوں سمجھ لیں کہ فینگ شوئی رنگوں کو ایک سطح اوپر لے جاتے ہوئے مقصدیت پیدا کرتا ہے۔ہم فینگ شوئی کے مطابق گھر اور دفتر میں تبدیلیاں لا کر مالی، جذباتی اور صحت کے مسائل کو حل کرکے ان میں بہتری لا سکتے ہیں۔

فینگ شوئی، آپ کے دماغ میں چلنے والی خواہشات کے پیش نظر نت نئے انداز کو آپ کے سامنے پیش کرتا ہے، چاہے یہ خواہش رقم، خوشی اور توازن کے حصول سے متعلق ہی کیوں نہ ہو، تمام حوالوں سے فینگ شوئی کے تحت رنگوں کا انتخاب آپ کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔

فینگ شوئی ماہرین کی رائے

فینگ شوئی کی ماہر ایشلے کینٹلے کے مطابق رنگ انسان کے مزاج اور توانائی کی سطح پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں، ان کے ذریعے توانائی کی سطح میں اضافہ یا کمی دونوں ممکن ہے۔ آپ کا سکون ، اضطراب ،تھکاوٹ حتیٰ کہ بھوک بھی رنگوں پر منحصر ہے ۔

مرکزی دروازہ

گھر میں داخلے کے وقت سب سے پہلے مرکزی دروازہ ہی انسان کے مزاج پر اثر انداز ہوتا ہے۔ ایشلے کہتی ہیں کہ مرکزی دروازہ کسی بھی گھر میں خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے کیونکہ گھر آنے والا ہر شخص اس دروازے کے ذریعے ہی اندر داخل ہوتا ہے۔

لہٰذا مرکزی دروازے کے لیے ایسے رنگوں کا انتخاب کیجیے جس کے ذریعے توانائی کی سطح میں اضافہ کیا جاسکے۔ اس حوالے سے ایشلے سرخ، سبز اور سیاہ رنگوں کو مرکزی دروازے کے لیے بہترین قرار دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لال رنگ انسان میں خوشی اور جذبہ پیدا کرتا ہے جبکہ فینگ شوئی میں سبز کو تجدید نو، توانائی اور تخلیق کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔

کچن

فینگ شوئی ماہرین کچن کے لیے سفید رنگ کو سب سے بہترین قرار دیتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ کھانا پکانے پر توجہ مرکوز کرنے اور تندرست وتوانا محسوس کرنے کے لیے سفید رنگ سے بہتر کوئی اور نہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سفید رنگ تمام رنگوں کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے، یہی وجہ ہے کہ خالص سفید رنگ والی جگہ جاکر ہم خود کو پرسکون اور مطمئن محسوس کرتے ہیں۔

اگر آپ کچن کی تعمیر یا تزئین نو کا ارادہ رکھتے ہیں تو کچن کیبنٹری سسٹم یا کچن کاؤنٹر کے لیے سفیدرنگ کے انتخاب پر غور کریں۔ گہرے رنگ کی لکڑی یا سیاہ گرینائٹ کا استعمال اب آؤٹ آف فیشن سمجھا جانے لگا ہے چنانچہ آپ سفید رنگ کو اپنائیں۔ ساتھ ہی کچن کراکری کے لیے بھی وائٹ ڈنر سیٹ خریدنا عمدہ رہے گا۔

بیڈروم

خوابگاہ گھر کے اہم حصوں میں سے ایک ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی انسان کے بیڈروم کا مجموعی تاثر جسم اور ذہن دونوں کے لیے سکون کا باعث ہونا چاہیے۔ رنگ چونکہ انسان پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں، لہٰذا فینگ شوئی ماہرین بیڈروم کے لیے پیچ اور گلابی رنگ کا انتخاب بہترین تصور کرتے ہیں۔ فینگ شوئی میں گلابی رنگ (پنک ) کو محبت کا رنگ قرار دیاجاتا ہے،ساتھ ہی اس رنگ کو کسی جگہ کی توانائی کو اعتدال میں رکھنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ گلابی اور پیچ رنگ انسان پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔

لیونگ روم

لیونگ روم کے لیے بھی فینگ شوئی کے حساب سے صحیحرنگوں کا انتخاب ضروری ہے کیونکہ یہ ایسی جگہ ہے جہاںآپ کے گھر والے یا مہمان بیٹھتے ہیں۔ لیونگ روم میں موجود فرنیچر اور دیگر آرائشی اشیا کی طرح یہاںکارنگ وروغن بھی دلوں کو لبھانے میںاہم کردار ادا کرتا ہے۔ فینگ شوئی میں لیونگ روم کے لیے نیلے اور ہرے رنگوں کے انتخاب کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ رنگ کسی بھی جگہ کو خوشگوار توانائی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔ نیلے رنگ کو فینگ شوئی میں شاندار رنگ قرار دیا جاتا ہے۔ فینگ شوئی کے لحاظ سے نیلے رنگ کو مختلف سمتوں میں استعمال کرنا بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے جیسے کہ مشرق کی طرف صحت کے لیے، شمال مستقبل میں کامیابی کے لیے اور جنوب مشرق پیسے کے لیے۔

باتھ روم

ایشلے کے مطابق فینگ شوئی میں باتھ روم کے رنگوں کے لیے متعدد نقطہ نظر موجود ہیں۔ تاہم، فینگ شوئی کے ماہر سبز، نیلے اور زمینی رنگوں کو باتھ روم اور اسپا کے لیے بہترین قرار دیتے ہیں۔ مزاج پر خوشگوار تاثر قائم کرنے یا پھر توانائی کی سطح میں اضافے کے لیے باتھ ٹب ،باتھ روم ٹائلزیا پھرواش بیسن کے لیے ان رنگوں کا انتخاب سود مندثابت ہوسکتا ہے۔