اسٹاک مارکیٹ میں مندی، 100انڈیکس میں160پوائنٹس کی کمی

February 07, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج ،فروخت کا دبائو جاری ،جمعرات کو بھی مندی ریکارڈ کی گئی ۔ 100انڈیکس میں 160پوائنٹس کی کمی، سرمایہ کاری مالیت 25ارب 78کروڑ 76لاکھ وپے گھٹ گئی۔ 55.58فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی اور کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 12.51فی صدکم رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر 100انڈیکس 159.84پوائنٹس کی کمی سے 40724.40پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 349کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 137کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 194میں کمی اور 18میں استحکام رہا ۔ بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھنے کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 25ارب 78کروڑ 76لاکھ روپے کی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ گھٹ کر 76کھرب 71ارب 25کروڑ 92لاکھ روپے ہوگیا۔ جمعرات کو 12کروڑ 78لاکھ 3ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا جومنگل کی نسبت ایک کروڑ 82لاکھ 88ہزار شیئرزکم ہے۔