کامیاب کاروباری شخصیات کے طلبا کو مشورے

February 09, 2020

برطانوی میزبان و اینکر جے جے ریمبرگ کا کہنا ہے کہ تقریباً 12سال پہلے جب انہوں نے اپنی آن لائن کمپنی کا آغاز کیا تھاتب انہیں کسی نے ہدایت کی کہ،’’پوچھیں، سنیں اور پھر پوچھیں۔ اور جب آپ کو لگے کہ آپ سوالوں سے بھرے پڑے ہیں تو سوال پوچھتے رہیں اور سنتے رہیں‘‘۔

دنیا بھر میں ایسے بہت سے لوگ ہیں جنہوں نے کامیاب کاروباری شخصیت بننے کے لیے بہت محنت کی اور طویل سفر طے کیا۔ ان لوگوں کے تجربے سے سیکھنے کا ایک طریقہ سوالا ت پوچھنا ہے۔ یہ ایک ایسا آپشن ہے جس کے ذریعے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ سیکھا جاسکتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ جے جے ریمبرگ کی ملاقات جب بھی کسی تجربہ کار بزنس مین یا کامیاب انٹرپرینیور سے ہوتی ہے تو وہ ان سے سوال ضرور پوچھتی ہیں۔ ان سوالوں کے جواب میں چند کامیاب خواتین کی جانب سے دیے گئے مشوروں کا خلاصہ قارئین کی رہنمائی کے لیے پیش کیا جارہا ہے تاکہ طلبا ان سے فائدہ اٹھاسکیں۔

شیلا لیریومارسیلو

شیلا لیریو مارسیلو(Sheila Lirio Marcelo)، خاندان کی نگہداشت کے حوالے سے دنیا کی معروف آن لائن ویب سائٹ ’کیئر ڈاٹ کام‘ کی بانی ہیں۔ یہی نہیں شیلا لیریو مارسیلو امریکن ملٹی نیشنل بزنس میگزین کی2014ء میں جاری کی گئی ’’ٹاپ ٹین ویمن انٹرپرینیورز‘‘ کی فہرست میں بھی شامل تھیں۔

وہ انٹرپرینیورشپ کے میدان میں قدم رکھنے والے نئے انٹرپرینیورز کو مشورہ دیتی ہیں کہ نتائج کے حوالے سے ہمیشہ سخت رویہ اختیار کریں لیکن لوگوں(ملازموں) کے ساتھ نرم برتاؤ اپنائیں۔جب آپ کسی کاروبار کا آغاز کرتے ہیں تو آپ اس کو بلندیوں تک لے جانے کے لیے سخت جدوجہد کرتے ہیں لیکن مثالی دنیا سے باہر آجائیں، جہاں آپ کو ہر خیال کے حوالے سے معاوضہ مل سکے۔

شیلا لیریو اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہتی ہیں، ’’میں ابتدا میں تمام چیزوں میں سیاہ اور سفید تلاش کیا کرتی تھی۔ میراخیال تھا کہ کام کرنے کا بس ایک ہی طریقہ ہے لیکن میرے اس طریقے نے مجھے ایک خوفناک اور مشکل ترین منیجر بنادیا۔ میں شکر گزار ہوں ان پُرخلوص دوستوں اور مشیروں کی جنہوں نے میرے پہلے آغاز کے متعلق سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

اگرچہ اس وقت وہ سب سننا آسان نہ تھالیکن اس نے مجھے سمجھنے میں مدد دی کہ لوگ مشکلات کے حل کے لیے مختلف طرح سے کام کرتے ہیں۔ چند سالوں کے دوران ہی میں نے بغیر کسی مائیکرو مینجمنٹ کے اپنی ٹیم کو نتائج کے حوالے سے جوابدہ بنانا سیکھ لیا۔ اس چیز نے مجھے منیجر اور قائد سے زیادہ انسان بننا سکھایاکیونکہ ٹیم پر اعتماد کا مظاہرہ ان کے دل میں میرا اعتماد بڑھانے کے لیے ضروری تھا‘‘۔

الیگزا وون ٹوبل

انٹرپرینیورشپ کے حوالے سے معروف امریکی فائنانشل پلاننگ کمپنی کی بانی اور مشہور امریکی کتاب’فنانشلی فیئرلیس‘ کی مصنفہ الیگزا وون ٹوبل (Alexa von Tobel)مشورہ دیتی ہیں کہ ایک بار جب آپ مقصد تلاش کرنے میں کامیاب ہوجائیں تو اپنا ہوم ورک کریں۔

الیگزا کے مطابق جب انہوں نے اپنی کمپنی کا آغاز کیا تھا تو تب ان کے نزدیک اس جملے کا مطلب 75صفحوں پر مبنی بزنس پلان ترتیب دینا تھا، اگرچہ بہت کم لوگ اس کو پڑھتے ہیں لیکن یہ میرے نزدیک بہت زیادہ اہمیت کا حامل تھا۔ اپنی حکمت عملی کو دوسرے لوگوں کے سامنے بیان کرنےکے عمل نے مجھے جلد ہی لیڈرشپ میں مہارت حاصل کرنے میں مدد دی۔ ایک اچھا کاروباری منصوبہ کسی بھی دوسرے مؤثر منصوبوں کی طرح ہوتا ہے۔

چنانچہ آپ کو اپنے لیے ٹھوس اہداف مقرر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آپ اپنی کارکردگی کو ٹریک پر لاسکیں اور منتخب منصوبوں کا جائزہ لے سکیں۔ ایک بار جب آپ اپنے کاروبار کا آغاز کردیتے ہیں تو گویا ایسا محسوس ہوتا ہے ہر طرف آگ لگ رہی ہو لیکن آپ کے پاس کوئی ایسی چیز نہیں ہوتی جس سے آپ اس آگ کو ختم کرسکیں یا بتاسکیں کہ آپ کی حکمت عملی کیا ہے کیونکہ اس وقت آپ کے پاس وقت نہیں ہوتا۔

لہٰذا کسی بھی کاروبار کے آغاز سے قبل ہی واضح حکمت عملی اپنائیں کیونکہ جب آپ واضح حکمت عملی کے ساتھ کسی کاروبار میں قدم رکھیں گے تو ہر چیز کو صحیح طرح سے مینیج کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔