انڈر 19 فائنل سے قبل غمزدہ بنگلادیشی کپتان نے ٹیم سے کیا کہا؟

February 10, 2020

آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کی فاتحبنگلا دیشی ٹیم کے کپتان اکبرعلی ایونٹ کے دوران بڑی بہن کے انتقال کے باوجود ٹیم کے ساتھ رہے اور کھلاڑیوںکو ملک کے لیے کھیلنے کا درس دیتے رہے۔

ذرائع کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے خلاف آخری گروپ میچ میں اکبر علی کی بڑی بہن کا انتقال ہوا، جس پر اکبر علی کی فیملی نے ٹیم مینجمنٹ کو اس افسوسناک خبرسے آگاہ کیا۔

اکبر علی کی فیملی نے ٹیم مینجمنٹ کو انتقال کی خبر اکبر علی کو نہ بتانے کا کہا تھا کیونکہ عین ممکن تھا کہ یہ صدمہ اکبر علی کی کارکردگی پر اثر انداز ہوسکتا تھا۔

تمام خدشات کو بالائے طاق رکھ کر انسانیت کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ نے اکبرعلی کو یہ افسوسناک خبر دی جس کے بعد وہ صدمے میں آگئے اور روپڑے۔

اس موقع پر بنگلا دیش کی پوری انڈر 19 ٹیم اکبر علی کے ساتھ روپڑی، تاہم اکبر علی نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو پرسکون رہنے اور ملک کے لئے کھیلنے کا کہا۔

کپتان اکبر علی کی اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے بنگلادیش نے آئی سی سی انڈر 19 فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل پہلی بار اپنے نام کیا ہے۔